مدہول ۔ یکم جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک میں بے روزگاری اور غربت ایک سنگین مسئلہ ہوتا جارہا ہے ، اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے کوئی بھی حکومت سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہے۔ انتخابات سے قبل تمام ہی سیاسی پارٹیاں بے روزگاری کو دور کرنے کے بلند بانگ دعوے تو کرتی ہیں لیکن جب حکومت کی تشکیل عمل میں آتی ہے تو بے روزگاری اور غربت کا نعرہ بھی ختم ہوجاتا ہے ۔اس کیلئے عوام کو ہی اقدامات کرنا ہوگا اور بے روزگاری کو دور کرنے کیلئے اچھی قیادتوں کا آنا ناگزیر ہے ، اس بات کا اظہار جناب عادل محمد ریچ این جی او حیدرآباد نے نمائندہ سیاست تجمل احمد کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سماج میں تعلیم اور بے روزگاری ایک بڑا مسئلہ ہے۔ اگر حکومتیں ملک میں ترقی دیکھنا چاہتی ہیں ، ریچ این جی او نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے تلنگانہ کے اضلاع میں اور شہر حیدرآباد میں جاب میلہ کا انعقاد عمل میں لارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر مدہول میں ایک جاب میلہ رکھا گیا جس میں ضلع عادل آباد کے 400 سے زائد بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا گیا اور حال ہی میں شہر حیدرآباد کے یوسف فنکشن ہال مانصاحب ٹینک میں ایک جاب میلہ منعقد کیا گیا جس میں تین ہزار سے زائد طلباء و طالبات نے شرکت کی جس میں 1700 بے روزگار نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریچ این جی اور حیدرآباد سال کے اختتام تک تلنگانہ میں 10 ہزار افراد کو روزگار فراہم کرے گی اس کیلئے تلنگانہ کے ہر ضلع میں جاب میلہ منعقد کرتے ہوئے بے روزگاری کو دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے اس بات کا اعلان بھی کیا کہ آئندہ جاب میلہ ضلع میدک میں منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ نوجوان بھی تعلیمی معیار کے تحت ملازمت تلاش نہ کریں۔ پہلے جو بھی ملازمت ملے اس کو جاری رکھتے ہوئے ترقی کی منزل طئے کرنے میں آسانی ہوئی ہے ۔ آج ملک میں سب سے زیادہ پسماندہ مسلمان قوم ہے اس کی اصل وجہ تعلیم سے دوری ہے ۔ تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنی قابلیت سے کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے پر ترقی ممکن ہے۔