پرینکا گاندھی کے خلاف شکایتوں کی 19 مئی کو سماعت

پٹنہ ؍ دربھنگہ ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی کے خلاف ’’نیچ راج نیتی‘‘ کا بیان دینے والی پرینکا گاندھی کے خلاف دو معاملات درج کئے گئے ہیں جن کی سماعت 19 مئی کو ہوگی۔ بہار بی جے پی جنرل سکریٹری سورج نندن مہتا کی جانب سے داخل کردہ معاملہ میں ان کے وکیل شمبھو پرساد نے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ (پٹنہ) رماکانت یادو کو بتایا کہ ان کے موکل پہلے سے طئے شدہ انتخابی پروگرام میں شرکت کیلئے پٹنہ سے باہر گئے ہوئے ہیں اور خواہش کی ہیکہ معاملہ کی سماعت کیلئے کوئی آئندہ تاریخ مقرر کی جائے

جس کے بعد مجسٹریٹ نے اس استدلال کو منظور کرتے ہوئے سماعت کی تاریخ 19 مئی تک آگے بڑھادی جبکہ دربھنگہ کی عدالت میں درج کئے گئے معاملہ میں مجسٹریٹ شیلندر موہن پانڈے نے بھی معاملہ کی سماعت کیلئے 19 مئی کی تاریخ مقرر کی ہے۔ دربھنگہ میں ریاستی بی جے پی فشر مین کمیونٹی سیل کے سربراہ ارجن ساہنی نے بھی پرینکا گاندھی کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔