پرینکا گاندھی کی صرف رائے بریلی اور امیٹھی کی انتخابی مہم میں شرکت

نئی دہلی ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پرینکا گاندھی سے ہمیشہ یہ کہا جاتا رہا ہیکہ وہ کانگریس میں کوئی اہم رول نبھائیں جس کے بعد انہوں نے بہرحال لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کا زمانہ ہے اور ہر پارٹی انتخابی مہم میں مصروف ہے۔ لہٰذا وہ خود بھی اپنی والدہ سونیا گاندھی اور بھائی راہول گاندھی کے حلقہ انتخاب بالترتیب رائے بریلی اور امیٹھی میں انتخابی مہم چلائیں گی۔ یاد رہے کہ پرینکا گاندھی رائے بریلی اور امیٹھی حلقہ انتخاب کا ایک عرصہ سے مشاہدہ کررہی ہیں جہاں وہ عوام کی ضروریات اور مسائل کو اچھی طرح سمجھتی ہیں جبکہ پارٹی کے کچھ گوشوں سے ہمیشہ یہ مطالبہ ہوتا رہا ہیکہ پرینکا گاندھی نے رائے بریلی اور امیٹھی کے حصار سے باہر نکلیں اور پارٹی میں کوئی اہم رول نبھائیں۔

لودھی اسٹیٹ میں واقع ایک پولنگ بوتھ میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے بعد وہ اپنے شوہر رابرٹ وڈرا کے ساتھ دیکھی گئیں۔ 42 سالہ پرینکا نے کہا کہ وہ جلد ہی رائے بریلی اور امیٹھی جائیں گی۔ وہ انتخابی مہم کے بارے میں ان سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دے رہی تھیں۔ پارٹی لیڈرس کا یہ ماننا ہیکہ جب جب انتخابات منعقد ہوتے ہیں، پرینکا گاندھی سے مطالبہ کیا جاتا ہیکہ وہ زیادہ سے زیادہ انتخابی حلقوں کا دورہ کریں لیکن اب تک انہوں نے اس مطالبہ کی تکمیل نہیں کی ہے۔ حال ہی میں انہوں نے راہول گاندھی کی رہائش گاہ پر پارٹی کے اعلیٰ سطحی قائدین کا ایک اجلاس منعقد کیا تھا جس کے بعد قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ پرینکا گاندھی اب کانگریس میں کوئی بڑا رول نبھانے والی ہیں لیکن کانگریس نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا تھا۔