پٹنہ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے دو بی جے پی قائدین نے آج پرینکا گاندھی کے خلاف اُن کی ’’پست سطح کی سیاست‘‘ تبصرے کی وجہ سے دو مقدمات درج کروادیئے۔ بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری سورج مندن مہتا نے پٹنہ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ رما کانت یادو کے اجلاس پر مقدمے درج کرواتے ہوئے الزام عائد کیاکہ اُن کے تبصرے دو گروپس کے درمیان دشمنی کو فروغ دیں گے اور اس کے نتیجہ میں نقص امن پیدا ہوگا۔ عدالت کے ذرائع نے کہاکہ اِس مقدمہ کی کل سماعت ممکن ہے۔ بی جے پی نے الزام عائد کیا ہے کہ پرینکا گاندھی نے مودی کی توہین کی ہے کیونکہ وہ پسماندہ ذات سے تعلق رکھتے ہیں۔ لیکن اِس الزام کی کانگریس نے یہ کہتے ہوئے تردید کی ہے کہ پرینکا گاندھی صرف ’’پست درجہ کی سیاست‘‘ کا حوالہ دے رہی تھیں۔