پرینکا گاندھی پر مینکا گاندھی کی تنقید

نئی دہلی ۔13اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی قائد مینکا گاندھی نے آج پرینکا گاندھی کے مبینہ تبصروں پر جو انہوں نے ان کے فرزند ورن گاندھی کے خلاف کئے تھے اور کہا تھا کہ وہ ’’آوارہ ‘‘ ہوگئے ہیں اور ملک کو فیصلہ کرنا چاہیئے کہ کون غلط راستہ پر چل رہا ہے‘ سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ آوارہ ہوگیا ہے جب کہ ملک کی خدمت کررہا ہے تو ملک ہی اس کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔ پرینکا گاندھی نے ہفتہ کے دن کانگریس کارکنوں کو جن کا تعلق امیٹھی سے ہیں کہا تھا کہ بی جے پی قائد کی تائید میںووٹ نہ دیں جو متصلہ لوک سبھا نشست سلطان پور سے مقابلہ کررہے ہیں ۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ورن گاندھی یقیناً میرے خاندان کے رکن ہیں ‘ میرے بھائی ہیں لیکن آوارہ ہوگئے ہیں۔ جب وہ کم عمر تھے تو انہوں نے اپنے لئے غلط راستے کا انتخاب کیا تھا ۔ بعد ازاں بڑوں نے انہیں درست راستہ دکھایا ۔ میں آپ پر بھی زور دیتی ہو کہ آپ میرے بھائی کو درست راستہ دکھائیں ۔