پرینکا گاندھی نے ایس پی جی کا حفاظتی حصار توڑ دیا

امیتھی ۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) پرینکا گاندھی نے آج ایس پی جی کا صیانتی حصار توڑ دیا اور ضلع امیتھی کے علاقہ تلوئی میں انتخابی مہم چلانے روانہ ہوگئیں۔ اعلیٰ ترین حفاظتی محکمہ اسپیشل پروٹیکشن گروپ کی جانب سے پرینکا گاندھی کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔ کانگریس کی انتخابی مہم چلانے والی مشہورشخصیت جب گوری گنج کے قریب گاندھی نگر پہونچیں تو اپنی کار سے اُتر گئیں۔ ایس پی جی کے ارکان عملہ کو اپنے پیچھے آنے سے روک دیا اور انتخابی مہم چلانے کے لئے تلوئی روانہ ہوگئیں۔ تاہم یو پی پولیس کا عملہ اُن کے ہمراہ تھا۔

مودی، خواتین کو بااختیار نہ بنانے آر ایس ایس نظریہ پر عمل پیرا:راہول
بلاس پور یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام )بلاسپور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج دعوی کیا کہ آر ایس ایس کے سابق سربراہ ایم ایس گولوالکر کا نظریہ یہ تھا کہ خواتین کو ووٹ دینے کا حق نہ دیا جائے۔ نریندر مودی کا نظریہ بھی اسی طرح کا ہے ۔مودی نہیں چاہتے کہ خواتین کو بااختیار بنایا جائے اگر مودی کو اقتدار پر پہنچایا گیا تو وہ خواتین کے حقوق سلب کردیں گے ۔