پرینکا کا مرزا پور میں روڈ شو

مرزا پور 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش کے مرزا پور میں روڈ شو کرکے لوک سبھا انتخابات کیلئے پارٹی کے حق میں انتخابی تشہیر کی۔ پرینکا گاندھی کا روڈ شو دس بجے کے بعد نسیم گنج میں شروع ہوا اور شہر کے اہم مقامات سے گزرا۔ اس دوران کانگریس امیدوار للتیش پتی ترپاٹھی بھی ان کے ساتھ تھے ۔ روڈ شو کے دوران کانگریس کارکنوں کے ساتھ سھیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے حامی اپنی پارٹی کے پیلے رنگ کے پرچم لئے ساتھ چل رہے تھے ۔ اس دوران بڑی تعداد میں خواتین سڑکوں کے کنارے کھڑی تھیں۔راستے میں جگہ جگہ پرینکا گاندھی پر پھول برسائے گئے ۔ وہ ساتھ چل رہے لوگوں سے ہاتھ بھی ملا رہی تھیں اور لوگوں کا استقبال بھی قبول کر رہی تھی۔ کانگریس لیڈر نے ایک بار اپنی گاڑی پر ایک بچے کو چڑھا لیا اور اس سے باتیں کیں۔ روڈ شو میں شامل لوگ کانگریس اور اس کے امیدوار کے حق میں نعرے لگا رہے تھے ۔سھیل دیو کی بھارتیہ سماج پارٹی طویل عرصے تک بھارتیہ جنتا پارٹی کی حمایت کرتی رہی ہے ۔ اس پارٹی کے لیڈر اوم پرکاش راج بھر اپنے کسی رشتے دار کو لوک سبھا الیکشن لڑانا چاہتے تھے لیکن ٹکٹ نہ ملنے سے وہ ناراض ہو گئے تھے ۔ مسٹر راج بھر اتر پردیش کی حکومت میں وزیر تھے لیکن گزشتہ دنوں انہوں نے استعفیٰ دے دیا تھا جو اب تک منظور نہیں ہوا ہے ۔ مرزا پور لوک سبھا سیٹ پر ساتویں اور آخری مرحلے کے تحت 19 مئی کو پولنگ ہونی ہے ۔