پرینکا نے کانگریس کمزورہونے کا اعتراف کیا: جیٹلی

نئی دہلی 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سینئر بی جے پی لیڈر ارون جیٹلی نے الزام عائد کیا۔ پرینکا گاندھی نے اپنے تبصرے میں اعتراف کیاکہ کانگریس یو پی میں کمزور ہوچکی ہے، یہ اُن کا اقبالی بیان ہے۔ جیٹلی نے کانگریس قائدین کا ’’چناوی ہندو‘‘ قرار دیتے ہوئے اُن کا مذاق اُڑایا اور کہاکہ وہ مندروں میں انتخابات کے دوران ہی درشن کرتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ قبل ازیں انتخابات کے وقت اُنھوں نے ایسا نہیں کیا تھا۔ پھر اب اِس پر مجبور کیوں ہوگئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستانی سیاست کی یہ قدیم اور شاندار پارٹی ہندوستان میں ایک کمزور تنظیم میں تبدیل ہوچکی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس کی نہرو اور اندرا گاندھی کے دور میں 300 تا 400 نشستیں ہوا کرتی تھیں۔ راجیو گاندھی کے دور میں یہ 125 تا 150 ہوگئیں اور اِس پارٹی کو صرف 40 تا 70 نشستیں حاصل ہورہی ہیں۔ صدر کانگریس راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے جیٹلی نے کہاکہ یہ ناقابل تصور ہے کہ کانگریس قائدین ہندوستان کی تائید میں نعرہ بازی کو بھی منقسم کردیں گے۔