پرگی میں صفائی کے ناقص انتظامات

پرگی 27 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع رنگاریڈی پرگی ڈیویژن کے چار منڈلوں میں صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ پرگی کے اطراف و اکناف کے گاؤں میں اور مستقر پرگی میں بھی موریوں سے کچرے کی نکاسی عمل میں نہ آنے کی وجہ سے مختلف محلہ جات میں مچھروں کی کثرت ہوگئی ہے جس کی وجہ سے عوام کی نیند حرام ہوگئی ہے۔ مستقر پرگی میں ہفتہ میں ایک بار بھی موریوں کی صفائی نہ کرنے پر عوام پریشان ہیں۔ مچھروں سے چھٹکارا پانے کے لئے مہنگائی کے دور میں غریب عوام کو مچھر بتیوں کی خریدی پر ہر ماہ 500 روپئے خرچ کرنا پڑرہا ہے۔ مقامی اور گاؤں کے عوام نے سرپنچ اور محکمہ صحت کے عہدیداروں سے اپیل کی کہ صفائی کے مؤثر انتظامات روبہ عمل لاتے ہوئے مچھروں کی کثرت پر قابو پائیں۔