پرگیہ ٹھاکر کے خلاف الیکشن کمیشن میں رپورٹ پیش

بھوپال 17 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر نے بی جے پی بھوپال امیدوار پرگیہ ٹھاکر کے خلاف ایک رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کردی ہے جنہوں نے گاندھی جی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو محب وطن قرار دیا تھا ۔ ٹھاکر 2008 مالیگاوں بم دھماکوں کی ملزم ہے اور ضمانت پر ہے ۔ اس نے کل ایک موقع پر کہا تھا کہ ناتھو رام گوڈسے محب وطن تھا ۔ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر نے آج بتایا کہ ہم نے اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن کو ایک رپورٹ پیش کردی ہے ۔ اس رپورٹ کی تفصیل سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ جیسے ہی کمیشن کی جانب سے کوئی فیصلہ کرلیا جائیگا ہم اپنی رپورٹ کی تفصیل بھی منظر عام پر لائیں گے ۔ پرگیہ کے بیان پر کئی گوشوں سے تنقیدیں ہونے لگی ہیں اور جس پر اس نے معذرت بھی کرلی ہے ۔