پرکاش کو گولڈ میڈل، نشانہ بازی میں12 برسوں کی بہترین کارکردگی

نئی دہلی۔4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) اوم پرکاش متھروا نے آج یہاں کوریا کے چانگ وان میں جاری52 ویں آئی ایس ایس ایف عالمی نشانے بازی چمپئن میں مردوں کے 10 میٹر پسٹل مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کو گولڈ میڈل دلایا جبکہ مکسڈ جونیئر مقابلے میں ایشین کھیلوں کے چمپئن سوربھ نے برونز میڈل حاصل کیا۔ چمپئن شپ میں ہندوستان اب تک آٹھ میڈلس جیت چکا ہے اور اسی کے ساتھ اس نے12 برس قبل کے49 ویں زغرب نشانے بازی کے اپنے چھ میڈلس کی بہترین کارکردگی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔سوربھ چودھری اور ابھن دیا پاٹل نے10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم جونیئر مقابلے میں برونز میڈل جیت کر آٹھواں میڈل دلایا۔ ایشیائی کھیلوں کے چمپئن سوربھ اور مقابلے میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والی ابھن دیا نے پانچ ٹیموں کے فائنل میں761 کے اسکور کے ساتھ کوالیفائی کیا تھا۔ اس مقابلے میں دیگر ہندوستانی دیوانشی رانا اور انمول جین کی ٹیم نے765 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر رہ کرکوالیفائی کیا۔فائنل میں سوربھ اور ابھن دیا نے329.6 کے اسکور کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کرکے برونز میڈل اپنے نام کیا جبکہ گولڈ اور سلورمیڈلس میزبان کوریا نے حاصل کیا۔اگرچہ حنا سدھو، منو بھاکر اور شویتا سنگھ کی ہندوستانی ٹیم خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے کے فائنل میں ہی نہیں پہنچ سکیں۔ ٹوکیو2020 کے اولمپک کوٹہ کے لئے اہم اس چمپئن شپ میں منو نے ہی سب سے زیادہ 574 کا اسکور کیا اور وہ13 ویں نمبر پر رہیں۔ ٹاپ آٹھ کھلاڑیوں کو فائنل میں داخلہ ملتا ہے ۔سابق اولمپک چمپئن اینا کورا کاکی نے اس مقابلے میں اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل پر قبضہ کیا۔ عالمی چمپئن شپ کے تیسرے دن تک ہندوستان نے تین گولڈ میڈل ، تین سلور اور دو برونز میڈلس سمیت کل آٹھ میڈلس اپنے نام کرلئے ہیں۔ وہ کوریا اور چین کے بعد فہرست میں تیسرے مقام پر ہے ۔خواتین کی 10 میٹر ایئر پسٹل انفرادی مقابلے میں حنا571 کے اسکور کے ساتھ29 ویں مقام پر رہیں جبکہ شویتا کا اسکور568 رہا اور وہ45 ویں نمبر پر رہیں۔ مقابلے میں تیسری ہندوستانی منو13 ویں نمبر پر رہیں۔ تینوں خاتون نشانے باز ٹیم مقابلے میں چوتھے نمبر پر رہیں۔مردوں کے 50 میٹر پسٹل مقابلے میں تجربہ کار نشانے باز جیتو رائے552 کے اسکور کے ساتھ 17 ویں نمبر پر جبکہ منجیت 532 کے اسکور کے ساتھ 56 ویں نمبر پر رہ کر فائنل کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکے ۔ مردوں کی ٹیم پانچویں نمبر پر رہی۔دس میٹر ایئر پسٹل جونیئر زمرے کے مکسڈ ٹیم مقابلے میں دیوانشی اور انمول کی ٹیم324.9 کے اسکور کے ساتھ فائنل میں پانچویں نمبر پر رہ گئی۔ کوالیفکیشن میں وہ دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔