ویملواڑہ میں تلنگانہ ایمپلائز اسوسی ایشن صدر مجاہد حسین کا اظہار خیال
ویملواڑہ۔/22فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گروپ I، گروپ II اور دیگر انٹرنس ٹسٹوں میں اردو زبان کے طلباء و طالبات کو اردو میں ہی سوالات کا پرچہ دینا چاہیئے۔ تلنگانہ مسلم ایمپلائز اسوسی ایشن کے صدر محمد مجاہد حسین نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران یہ بات بتائی۔ ویملواڑہ میں منعقدہ ایک اجلاس میں انہوں نے اردو زبان کے طلباء و طالبات کوچند انٹرنس ٹسٹوں میں اور گروپ I اور گروپ II کے انٹرنس ٹسٹ اور امتحانات میں تلگو اور انگلش میں سوالات پرچہ دینے سے اردو میڈیم کے طلباء وطالبات کو سوالات سمجھنے میں کافی مشکلات پیش آرہی ہیں جس کی وجہ سے اردو میڈیم کے طلباء و طالبات امتحانات اور انٹرنس ٹسٹ میں کامیابی حاصل نہیں کرپارہے ہیں۔ نئی تلنگانہ ریاست میں اردو زبان کو دوسری زبان کا درجہ دینے پر آنے والے تمام امتحانات اور انٹرنس ٹسٹ میں اردو میں ہی سوالات کا پرچہ دینے کا انہوں نے مطالبہ کیا۔اس سلسلہ میں چند دن قبل تلنگانہ کے چیرمین چکرا پانی اور ڈائرکٹر وٹھل کو ایک یادداشت بھی پیش کی گئی۔ سرکاری دفاتر میں کنٹراکٹ کی بنیاد پر کام انجام دینے والے تقریباً 40 ہزار ملازمین کو مستقل کرنا چاہیئے اور تلنگانہ کے تمام دفاتر کے بورڈز پر انگلش اور تلگو کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں بھی تحریر کرنا چاہیئے۔