پرچہ سوالات پر غیر معیاری تحریر سے طلبہ کو مشکلات

مٹ پلی ۔17اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حصول تلنگانہ کے بعد بھی اردو زبان کے ساتھ سوتیلا برتاؤ جاری ہے ۔ ماہ اکٹوبر Summative(1) امتحانات غیر معیاری اردو تحریر پر مشتمل جماعت اول تا پنجم اور جماعت ششم کے پرچہ سوالات جو ہاتھ سے لکھی تحریر ہے جس کی وجہ سے طلبہ کیلئے دشواریاں سامنے آئے ہیں اس پر صدر انجمن اشاعت مٹ پلی جناب حافظ محمد عبدالعزیز نے ریاستی تلنگانہ حکومتچیف منسٹر کے سی آر محکمہ تعلیم اور متعلقہ عہدیداروں سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ تلنگانہ حکومت طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ نہ کرے اور اپنی اقلیتی ہمدرد و زبانی باتوں کو چھوڑ کر اقلیتی مسلم طبقہ کی ترقی کیلئے عملی ٹھوس اقدامات کو روبہ عمل لائیں اور تہذیبی ورثا اردو زبان کے فروغ کیلئے ممکنہ عملی تعاون کریں ۔ باتوں اور وعدوں کے ساتھ خوش کرنے کا وقت ختم ہورہا ہے ‘ عوام باتوں پر نہیں عملی طور پر اقدامات کے ثمرات دیکھنا چاہتے ہیں ۔ ریاستی حکومت کو چاہیئے کہ اردو زبان کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کریں ۔ ریاست کی دوسری سرکاری زبان ہونے کے ناطے اس کا جائز مقام دلوائیں ۔ ریاست کے تمام سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر میں اردو کے چلن کیلئے احکامات صادر کروائیں اور اس زبان کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کے ساتھ نوٹ لیں اور اس زبان کی ترقی و ترویج کیلئے سرکاری کی جانب سے ہر ممکنہ تعاون کروائیں ۔