پرو کبڈی کے چھٹے ایڈیشن کا 5 اکٹوبر کو آغاز

نئی دہلی۔30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ماشل اسپورٹس پرائیویٹ لمیٹڈ سے موصولہ خبر کے بموجب ویوو پرو کبڈی کے چھٹے سیزن کا 5 اکٹوبر کو آغاز ہوگا جبکہ 5 جنوری 2019ء کو اس کا خطابی مقابلہ منعقد ہوگا۔ تفصیلات کے بموجب 13 ہفتوں طویل اس ٹورنمنٹ میں 12 ٹیمیں 138 مقابلے کھیلیں گیں اور یہ ٹورنمنٹ موجودہ طرز پر ہی کھیلا جائے گا۔ پرو کبڈی کی ہندوستان کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر مقبولیت اپنی عروج پر ہے جیسا کہ گزشتہ سیزن کے دوران 313 ملین شائقین نے مقابلوں کا مشاہدہ کیا جو کہ ہندوستان میں کرکٹ کے علاوہ کسی اور دوسرے کھیل میں شائقین کی سب سے زیادہ دلچسپی کا ریکارڈ ہے۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے ویوو پرو کبڈی لیگ کے کمشنر انوپم گوسوامی نے کہا کہ عام طور پر ایونٹ جولائی اور اکٹوبر کے درمیان کھیلا جاتا ہے لیکن ایشین گیمس کے تناظر میں اس میں تبدیلی کرتے ہوئے کوشش کی گئی ہے کہ تمام ہندوستانی اور بیرونی کھلاڑیوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور شائقین کو پرو کبڈی کے علاوہ ایشین گیمس میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے مظاہروں سے مکمل لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا جاسکے۔