پرو کبڈی کے پانچواں ایڈیشن میں 4 نئی ٹیموں کا اضافہ

نئی دہلی۔29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) اسٹار اسپورٹس پرو کبڈی لیگ (پی کے ایل) کے اس سال ہونے والے پانچویں ایڈیشن کے لئے چار نئی ٹیموں کو ایونٹ  میں شامل کیا گیا ہے  اور اب یہ ایڈیشن12 ٹیموں، 130 سے زیادہ میچوں اور 13 ہفتے کے مقابلوں کے ساتھ زیادہ بڑا اور دلچسپ ہو گیا ہے ۔لیگ میں اس سے پہلے تک چار ایڈیشن میں آٹھ ٹیمیں کھیلا کرتی تھیں لیکن اب چار نئی ٹیموں کو شامل کرنے کے ساتھ اس میں کل 12 ٹیمیں شامل ہو گئی ہیں۔ ٹورنمنٹ 13 ہفتے تک کھیلا جائے گا اور اس میں 130 سے زیادہ میچ ہوں گے ۔ چار نئی ٹیموں کو شامل کرنے کے بعد یہ ملک کی سب سے زیادہ ٹیموں کی کھیل لیگ ہونے کے علاوہ طویل مدت تک چلنے والی لیگ بھی بن گئی ہے ۔ پروکبڈی لیگ میں شامل ہونے والی چار نئی ٹیمیں تمل ناڈو، گجرات، اتر پردیش اور ہریانہ کی ہوں گی۔ لیگ ابتدائی ایڈیشن سے ہی کافی مقبول رہی ہے اور اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ہی منتظمین نے چار نئی ٹیموں کو شامل کیا ہے ۔ لیگ میں شامل ٹیمیں مختلف ریاستوں کی نمائندگی کریں گی۔

حالیہ برسوں میں سب سے بڑی کامیابی :کونسٹین
ینگون۔ 29مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اے ایف سی ایشیا کپ 2019ء فٹ بال کوالیفائرس مقابلے میں میانمار کیخلاف تاریخی کامیابی پر پُرجوش ہندوستانی کوچ اسٹیفن کونسٹین ٹائن نے اس کامیابی کو حالیہ برسوں میں ہندوستان کیلئے سب سے بڑی کامیابی قرار دیا ۔ہندوستان نے اسٹار اسٹرائیکر سنیل چھیتری کے آخری لمحات میں کئے گئے شاندار گول کی بدولت میانمار کو 1-0 سے شکست دی۔ہندوستان نے 64 سال بعد میانمار کو اسی کے گھر میں شکست دی تھی۔کونسٹین ٹائن نے کہاکہ اس سے پہلے جب ہندوستان نے میانمار کو شکست دی تھی ،اس وقت ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی پیدا بھی نہیں ہوا تھا۔