گچی باؤلی اسٹیڈیم میں سنسنی خیز مقابلہ ۔ پلٹن ٹیم شکست کے باوجود اول
حیدرآباد ، 5 جولائی (سیاست نیوز) بنگلورو بلز نے پرو کبڈی لیگ (پی کے ایل) سیزن 4 کے سخت مقابلے میں پونیری پلٹن کو 29-27 کے فرق سے ہرایا۔ گزشتہ روز یہاں سے قریب گچی باؤلی انڈور اسٹیڈیم میں موہت چھیلر نے زبردست ڈیفنس کا مظاہرہ کیا اور چھ پوائنٹس اسکور کئے جبکہ روہت کمار نے آخری منٹ میں ’سوپر ریڈ‘ کے ذریعہ کھیل کا نقشہ پلٹ دیا اور اپنے کھاتے میں آٹھ پوائنٹس جٹائے۔ بنگلورو بلز کو لیگ ٹیبل میں ایک مقام کا فائدہ ہوا اور چار مقابلوں سے 13 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کرلی۔ پونیری پلٹن کو اس سیزن اپنی دوسری شکست برداشت کرنی پڑی لیکن وہ چھ میچز سے 20 پوائنٹس کے ساتھ بدستور ٹیبل ٹاپرز ہیں۔ دیپک نواس ہوڈا نے تیسرے منٹ میں سوپر ریڈ اسکور کی جبکہ پونیری پلٹن کو 3-1 کی سبقت حاصل تھی اور بنگلورو بلز کو چار کھلاڑیوں تک گھٹایا۔ اجئے راٹھی نے چھٹے منٹ میں بلز کیلئے دو پوائنٹس اسکور کرتے ہوئے میچ کو 3-3 پر مساوی کیا۔ پونیری پلٹن کے ریڈرز ابتدائی 10 منٹ طاقتور بلز ڈیفنس کے سبب عملاً خاموش رہے اور صرف ایک کامیاب ریڈ (raid) درج کرا پائے۔ حیران کن طور پر منجیت چھیلر نے اپنی فرسٹ ریڈ 11 ویں منٹ میں شروع کی جبکہ پونیری پلٹن کی ٹیم 4-6 سے پچھڑ گئی تھی۔ ہوڈا اور امیت راٹھی نے 14 ویں منٹ میں ایک، ایک پوائنٹ اسکور کیا اور دونوں ٹیمیں 7-7 پر مساوی ہوگئیں۔ بلز کے ڈیفنس نے پونیری پلٹن کے ریڈرز کے خلاف عمدہ کارکردگی پیش کی، منجیت کوئی بھی پوائنٹ اسکور نہیں کرپائے اور وہ فرسٹ ہاف کے ختم پر 10-8 کے ساتھ آگے ہوگئے۔ دوسرے ہاف میں بھی سخت مسابقت دیکھنے میں آئی، یہاں تک کہ 32 ویں منٹ میں منجیت کے فرسٹ ریڈ پوائنٹ کے ساتھ پونیری پلٹن کو 20-16 کی سبقت ملی۔ بنگلورو بلز نے ڈیفنس کا شاندار مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے میچ کو 20-20 تک پہنچایا۔ اختتام کے اندرون پانچ منٹ بنگلورو ٹیم نے ایک اور زبردست چال کے ذریعہ 22-21 کی سبقت حاصل کرلی۔ پلٹن ٹیم نے 39 ویں منٹ میں 26-23 کی سبقت جٹالی لیکن روہت کمار نے آخری منٹ میں ریڈ پوائنٹ اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 26-25 کی سبقت تک پہنچایا۔ اختتام سے 28 سکنڈ قبل روہت نے شاندار ریڈ کے ساتھ بلز کے حق میں اسکور 28-26 کیا۔ پھر مزید ایک ریڈ پوائنٹ کے ساتھ میچ کا نقشہ پلٹا اور بنگلورو بلز نے پونیری پلٹن کے خلاف سنسنی خیز کامیابی درج کرائی۔