پرو کبڈی ، آج پاکستانی کھلاڑی ایکشن میں

ممبئی 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) تین پاکستانی کھلاڑی جو پہلے ہی ہندوستان پہونچ چکے ہیں، تاکہ افتتاحی اسٹار اسپورٹس پرو کبڈی لیگ میں شرکت کرسکیں، جوکہ آئی پی ایل طرز کا کبڈی ٹورنمنٹ ہے۔ دریں اثناء کل کولکتہ میں کھیلے جانے والے مقابلہ میں 3 پاکستانی کبڈی کے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ انڈین کبڈی فیڈریشن کے عہدیداروں کے بموجب یہاں گزشتہ مقابلہ میں اور آج کے مقابلہ میں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کو ایکشن میں دکھائی دینے کا موقع نہیں دیا گیا کیونکہ انتظامیہ نہیں چاہتا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی کی شرکت سے کسی قسم کا احتجاج یا ایسا ناخوشگوار واقعہ ہو لیکن کولکتہ میں کل سے شروع ہونے والے مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ عہدیداروں نے واضح طور پر اشارہ دیا ہے کہ شیوسینا جیسی سیاسی جماعتیں پاکستانی کھلاڑیوں کی ہندوستانی اسپورٹس ایونٹس میں شرکت کی مخالفت کرتی ہیں اور مہاراشٹرا میں خصوصاً کسی اسپورٹس ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑی کی شرکت پر احتجاج کیا جاتا ہے۔ 3 پاکستانی کھلاڑی وسیم سجاد کو پٹنہ پیرٹس، واجد علی اور عاطف وحید کو تلگو ٹائٹنس میں اپنی ٹیموں میں شامل کیا ہے۔ یہ تینوں کھلاڑی آل راؤنڈرس ہیں جبکہ سجاد اور علی فوجی ہیں۔ علاوہ ازیں وحید پاکستان میں سرکاری ملازم ہیں۔