پرویز کی سنچری کے باوجود پنجاب کو سبقت

ودودرا۔9جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جموں کشمیر کے کپتان پرویز رسول نے 11چوکوں اور ایک چھکے سے مزین 103رنز کی اننگزکھیلتے ہوئے پنجاب کے خلاف پہلی اننگز میں اپنی ٹیم کے اسکور 277 میں کلیدی رول ادا کیا۔ پرویز نے 137 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ٹیم کو مستحکم موقف دلوانے والی سنچری اسکور کی اور رانجی کے کوارٹر فائنل مقابلہ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پنجاب نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان کے بعد 15رن اسکور کرلئے ہیں ۔

پنجاب کے لئے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں اوپنرس ایم ووہرا (7) اور جیون جوت سنگھ (8) شامل ہیں ۔ جموں کشمیر کیلئے عمر نذیر نے پانچ اوورس میں تین رنز کے عوض ایک اور مدثر نے دو اوورس میں چار رنز کے عوض ایک اور کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔ قبل ازیں پنجاب نے کپتان ہربھجن سنگھ کے تیز رفتار 92رنز کے عوض پہلی اننگز میں 304رنز اسکور کئے ہیں ۔ اس طرح اسے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک 42رنز کی سبقت حاصل ہوئی ہے ۔ ہربھجن سنگھ نے 79گیندوںپر مشتمل اپنی اننگز میں 8چوکے ‘ 6چھکے لگائے جس میں پرویز رسول کو ایک اوور میں ہی لگائے جانے والے 4چھکے شامل ہیں ۔

اسپورٹنگ کلب کے 73برس‘ تقریب کا انعقاد
حیدرآباد۔9جنوری ( راست ) حیدرآباد اسپورٹنگ کلب وجئے نگر کالونی جس نے ملک کو 6نامی گرامی اولمپینس ‘ کئی انٹرنیشنل ‘ یونیورسٹی و کالجس کے ساتھ اسکول کیلئے مسلسل 73 برسوں سے بہترین کھلاڑیوں کی فراہمی کا کام انجام دے رہا ہے ۔ گذشتہ دنوں اس کلب کے 73 برس کی تکمیل پر ایک پُراثر تقریب سکریٹری شیخ احمد کی زیرنگرانی عمل میں آئی ۔ اس تقریب کی صدارت اے پی ایف اے ڈاکٹر محمد علی رفعت آئی اے ایس نے کی ۔

مہمان خصوصی میں جی پی پال گنا سکریٹری ‘ جوائنٹ سکریٹری بشیر احمد ‘ ریفری اسوسی ایشن کے صدر محمد تسلیم ‘ اولمپین حامد اورکئی دیگر کھلاڑیوں کے علاوہ حیدرآباد اسپورٹنگ کے لئے نئے و سابق کھلاڑیوں نے حصہ لیا ۔ اسپورٹنگ کلب کے تقریباً 60فیصد جونیئر و سینئر کھلاڑیوں کو سرٹیفیکٹس و مومنٹوس کے ذریعہ ہمت افزائی کی گئی ۔ اس تقریب کے آرگنائزرس حامد اولمپین ‘ احمد اللہ ‘ مہیندر ریڈی (صدر) ‘ سکریٹری شیخ احمد ‘ محمد آصف ‘ مظفر علی اور چار ہزار مقابلوں میں ریفری کی خدمات انجام دینے والے سید غالب موجود تھے ۔