پرویز مشرف کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ معطل

اسلام آباد ۔ 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی حکام نے ملک کے سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف کا قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ایک خصوصی عدالت کے احکام پر معطل کردیا ہے جو پرویز مشرف پر عائد کئے گئے غداری کے الزام کی سماعت کررہی ہے۔ پاکستان میں 2007ء میں ایمرجنسی کا نفاذ کرنے پر مشرف کو ملک سے غداری کے مقدمہ کا سامنا ہے۔ ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد ملک کی سپریم کورٹ کے متعدد ججس کو ان کے مکانات میں نظربند کردیا گیا تھا جبکہ زائد از 100 ججس کی برطرفی بھی عمل میں آئی تھی۔ 18 مارچ 2016ء کو سابق صدر نے بغرض علاج دوبئی کا دورہ کیا تھا اور اس کے کچھ ماہ بعد ہی خصوصی عدالت نے انہیں ایک اشتہاری مجرم قرار دیتے ہوئے ان کی املاک کو قرق کرنے کی ہدایت کی تھی کیونکہ موصوف کسی بھی موقع پر عدالت میں حاضری سے قاصر رہے تھے۔ یاد رہیکہ پرویز مشرف نے 1999ء تا 2008ء پاکستان پر حکومت کی۔ وہ پاکستانی حکومت کو متعدد فوجداری معاملات میں ملوث ہونے مطلوب ہیں جن میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کا قتل معاملہ بھی شامل ہے۔