پرویز رسول ‘ ہندوستان کیلئے کھیلنے والے پہلے کشمیری کرکٹر

میرپور 14 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) آف اسپنر پرویز رسول آج جموں و کشمیر کے پہلے کرکٹر بن گئے جنہوں نے ہندوستان کی نمائندگی کی ہے ۔ پرویز رسول کو آج بنگلہ دیش کے خلاف ونڈے سیریز کے پہلے میچ میں کھیلنے کا موقع دیا گیا اور انہوں نے دو وکٹس حاصل کئے ۔ پرویز رسول وادی کشمیر کے جنوبی ٹاؤن اننت ناگ کے بج بیہارا ٹاؤن سے تعلق رکھتے ہیں۔ سب سے پہلے انہیں 2013 میں زمبابوے کے دورے کیلئے ہندوستانی ٹیم میں منتخب کیا گیا تھا لیکن دورہ کے موقع پر انہیں قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا ۔ آج اپنے کیرئیر کے پہلے انٹرنیشنل میچ میں انہوں نے 10 اوورس میں 60 رن دے کر دو وکٹس حاصل کئے ۔ بنگلہ دیش کے خلاف اس سیریز میں ہندوستان نے کچھ اہم کھلاڑیوں جیسے کپتان مہیندر سنگھ دھونی ‘ ویراٹ کوہلی ‘ شکھر دھون اور روہت شرما کو آرام دیا ہے ۔

پرویز رسول کو آئی پی ایل میں پہلے پونے وارئیرس کیلئے حاصل کیا گیا تھا اور وہ آئی پی ایل کنٹراکٹ حاصل کرنے والے بھی جموں و کشمیر کے پہلے کرکٹر تھے ۔ گذشتہ آئی پی ایل سیزن میں پرویز رسول نے سن رائزرس حیدرآباد کی نمائندگی کی تھی ۔ انہوں نے 2012 – 13 کے رانجی ٹرافی سیزن میں جموں و کشمیر کیلئے شاندار کارکردگی دکھائی تھی ۔ انہوں نے ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہنے کے علاوہ سب سے زیادہ وکٹس بھی حاصل کئے تھے ۔ انہوں نے 54 کے اوسط سے دو سنچریوں کی مدد سے 594 رنز اسکور کئے تھے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے 18.09 کے اوسط پر 33 وکٹس بھی حاصل کئے تھے ۔ وہ ٹورنمنٹ کے تمام اسپنرس میں سب سے زیادہ وکٹس حاصل کرنے والے بولر تھے ۔