نئی دہلی 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )جموں و کشمیر کی کرکٹ ٹیم جس نے ممبئی کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی ہے اس سے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بشن سنگھ بیدی کافی متاثر ہیں اور انہوں نے جموں وکشمیر کرکٹ ٹیم کے کپتان پرویز رسول کی دل کھول کر ستائش کی ہے۔بائیں ہاتھ لیجنڈری اسپینر بیدی نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پرویز رسول! واہ کیا کھلاڑی ہے، ایک ایسا آف اسپینرہے جو بہتر بیاٹنگ بھی کرسکتا ہے نیز ہندوستان میں اس وقت پرویز رسول سے بہتر کوئی آف اسپینر نہیں ہے اور اس کھلاڑی کو ہندوستان کی ورلڈ کپ ٹیم میں ہونا چاہئے۔2011-2013 ٹیم کی کوچنگ کرنے والے بیدی کا کھلاڑیوں کے ساتھ جذباتی وابستگی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ ممبئی کے خلاف ٹیم کی کامیابی محض اتفاق نہیں کیونکہ جموں و کشمیر کی ٹیم میں چند ایسے بہترین کھلاڑی موجود ہیںجو کہ دہلی جیسی ٹیم کو بھی دستیاب نہیں ہے ۔ بہترین اردو الفاظ استعمال کرتے ہوئے بیدی نے کہا کہ ’’یہ اللہ کا کرم ہے ،اللہ کی رحمت ہے ،یہ اس کی مہربانی ہے کہ وادی کشمیر میں بہتر سہولیات نہ ہونے کے باوجود کئی باصلاحیت کھلاری موجود ہیں۔