محبوب نگر /8 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محبوب نگر کے مشہور قانون داں جناب محمد مسعود علی فاروقی کے انتقال کی اطلاع پاکر کل شام 7 بجے پروفیسر کودنڈا رام مرحوم کی قیامگاہ واقع محبوب نگر پہونچے ، انہوں نے محروم کے فرزند محمد مجتبی علی نادر فاروقی کو پرسہ دیا اور اپنے شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک عظیم شخصیت کو کھو دیا ۔ انہوں نے مسعود علی فاروقی کی اس جامع تقریر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ حصولی تلنگانہ کی جدوجہد کے دوران اس جلسہ میں بھی شریک تھا اور ابھی تک ان کی آواز اور الفاظ میرے ذہن میں ہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایک ایسی عظیم شخصیت کی خدمات کا اعتراف ان کی زندگی میں ہونا چاہئے تھا لیکن ایسا نہ ہوسکا ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر تنظیموں کی اعانت سے عنقریب ایک زبردست تعزیتی جلسہ منعقد کیا جائے گا اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو بھی ان کی عظیم خدمات سے واقف کروایا جائے گا اور حکومت کی طرف سے بھی ان کی خدمات کا اعتراف ضروری ہے ۔ اس موقع پر شیخ فاروق حسین صدر الموا ، محمد بشیر الدین پرنسپل المدینہ کالج آف ایجوکیشن ، سجادہ حسین سکریٹری مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کے علاوہ ایم اے مجیب نامہ نگار سیاست بھی موجود تھے ۔