حیدرآباد۔7اکٹوبر ( راست) یہ خبر انتہائی افسوس کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ جواں سال پروفیسر ڈاکٹر عبدالمعز صدر شعبہ عربی مولانا آزاد یونیورسٹی کا 5اکٹوبر کی علی الصبح کنگ فیصل ہاسپٹل مکہ مکرمہ میں انتقال ہوگیا ۔ مرحوم بعزم حج 29ستمبر کو خانگی ٹراویل کے ذریعہ معہ والدہ ماجدہ کے حج بدل کیلئے حیدرآباد سے روانہ ہوئے تھے ‘ قیام عرفات کے بعد رمی جمار کے بعد منیٰ سے اپنے خیمہ کو واپسی کے دوران اچانک طبعیت ناساز ہوگئی ‘ فوری طبی امداد کیلئے کنگ فیصل ہاسپٹل میں شریک کیا گیا لیکن 5 اکٹوبر کی صبح پروفیسر عبدالمعز کا انتقال ہوگیا ‘ وہ 42سال کے تھے ۔ انتقال کی اطلاع کے ساتھ ہی ان کے مکان واقع بہادر پورہ ہاؤزنگ کالونی یونیورسٹی مانو کے رجسٹرار جناب رحمت اللہ ‘ پروفیسر مصطفیٰ شریف عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر مظہر فاروقی علمائے جامعہ نظامیہ ‘ شاگردوں ‘ رشتہ داروں اور احباب کی کثیر تعداد گھر پہنچ کر مرحوم کے والد محترم حافظ خلیق احمد اور متعلقین کو پرسہ دیا اور دعائے مغفرت کی ۔ پسماندگان میں والدین ‘ بیوہ کے علاوہ ایک سات سالہ لڑکی اور دو لڑکے ہیں جن کی عمر بالترتیب پانچ سال اور نو ماہ ہے ۔ مکہ مسجد میں آج بعد عصر غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی گئی اور دعائے مغفرت کی گئی ۔ اس موقع پر شہر کی ممتاز شخصیتوں‘ رشتہ داروں اور احباب کی کثیر تعداد شریک تھی۔ تفصیلات کیلئے 8897677388 ‘ 9000272874 پر ربط کریں۔