کریم نگر میں یوم پیدائش تقریب، ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر کا خطاب
کریم نگر۔/7 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پروفیسر جئے شنکر کی سوچ و فکر خیالات اور امید کے مطابق چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں انتہائی صاف و شفاف حکومت چلائی جارہی ہے۔ ریاستی وزیر فینانس و سیول سپلائیز ایٹالہ راجندر نے یہ بات کہی۔ وہ یہاں پروفیسر جئے شنکر کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں روبہ عمل ترقیاتی اسکیمات کا ملک بھر میں چرچا ہورہا ہے اس کی تعریف ہورہی ہے۔ پروفیسر جئے شنکر نے تلنگانہ کیلئے اپنی زندگی وقف کردی تھی۔ تلنگانہ کی بے مثال ترقی کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے کیلئے ہمارے درمیان نہیں رہے ۔ جئے شنکر جب تک زندہ تھے کون کون سے کام کرنا چاہتے تھے آج چیف منسٹر کے سی آر ان سبھی پر عمل کرتے چلے آرہے ہیں۔ کریم نگر جئے شنکر کو کبھی بھلا نہیں پائے گا۔ ضلع کلکٹر سرفراز احمد ، ایم ایل سی نارا داس لکشمن، ایم ایل اے گنگولا کملاکر اور دیگر قائدین اس موقع پر شریک تھے۔ تلنگانہ جاگروتی کے زیر اہتمام اور کریم نگر سنٹرل لائبریری چیرمین کی قیادت میں پروفیسر جئے شنکر کی یاد میں ان کے پورٹریٹ پر پھول نچھاور کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پروفیسر جئے شنکر کی 84 ویں یوم جینتی پر سنٹرل لائبریری میں تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اے راجندر ریڈی اور لائبریری عملے نے پروفیسر جئے شنکر کی تصویر پر پھول نچھاور کئے۔ تلنگانہ کیلئے جئے شنکر نے اپنی ساری زندگی وقف کردی اور آخری وقت تک اس کے لئے جدوجہد کی۔ 1969 میں تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کیا۔ تلنگانہ جاگروتی ضلع صدر جے سرینواس کی قیادت میں پروفیسر جئے شنکر کی 84ویں جینتی تقریب میں تقریباً 30 کارکنوں نے شرکت کی۔