تھرواننتاپورم 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی (ایم) کی قیادت والے ایل ڈی ایف اپوزیشن نے کیرالا اسمبلی کی کارروائی کا آج بائیکاٹ کیا کیونکہ حکومت ایک سرکاری اسکول کے پرنسپل کے تبادلے کے احکامات کو منسوخ کرنے میں پس و پیش سے کام لے رہی ہے جنھوں نے ریاستی وزیر تعلیم پر ایک کیمپس تقریب میں تاخیر سے شرکت کرنے پر تنقید کی تھی۔ اس مدعے کو مسلسل تیسرے روز اُٹھاتے ہوئے اپوزیشن قائد وی ایس اچھوتا نندن نے حکومت سے پرنسپل کے تبادلے کے احکامات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ کے کے اُرملا دیوی گورنمنٹ کاٹن ہل اسکول کی پرنسپل ہیں۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ پرنسپل کے تبادلہ کے احکامات منسوخ کرتے ہوئے اُن سے (پرنسپل) انصاف کیا جائے ۔