پرفل پٹیل وائس پریسیڈنٹ اے ایف سی منتخب

نئی دہلی ، 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کے صدر پرفل پٹیل کو آج ایشین فٹبال کنفڈریشن کے نائب صدر کے عہدہ کیلئے بلامقابلہ منتخب کرلیا گیا۔ ایس اے ایف ایف ریجن کیلئے اُن کا انتخاب بحرین میں منعقدہ اے ایف سی کانگریس میں عمل میں آیا ہے۔ اس تبدیلی سے ہندوستان کو اے ایف سی میں قابل لحاظ نمائندگی مل جائے گی اور پٹیل نے تمام ممبر اسوسی ایشنس کا شکریہ ادا کیا کہ انھیں ’’اہل‘‘ سمجھا گیا ہے۔ پٹیل کی قیادت میں اے آئی ایف ایف کو منیلا میں اے ایف سی کے سالانہ ایوارڈز 2014ء میں کنفڈریشن کا پریسیڈنٹ ریکگنیشن ایوارڈ فار گراس روٹس عطا کیا گیا تھا۔ مزید یہ کہ 2013ء میں اے آئی ایف ایف نے اے ایف سی گراس روٹس ایم اے آف دی ایئر کے معاملے میں قریبی فرق سے جاپان فٹبال اسوسی ایشن کے بعد دوسرا مقام حاصل کیا تھا۔ اس کے علاوہ اے آئی ایف ایف نے ہندوستان میں بنیادی سطح پر اس کھیل کو فروغ دینے کیلئے فٹبال فیڈریشن آف آسٹریلیا کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط بھی کئے ہیں۔