نئی دہلی۔ 14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انتخابی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور کی بی جے پی میں واپسی متوقع ہے۔ واضح رہے کہ پرشانت کشور نے 2014ء کے عام انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا تھا۔ انگریزی روزنامہ ’’انڈیا ٹوڈے‘‘ میں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق 2014ء کے عام انتخابات کے بعد پرشانت نے بہار اور یوپی میں بی جے پی کے قریبی حریفوں کیلئے کام کیا تھا، لیکن اب بی جے پی میں اُن کی شمولیت متوقع ہے۔ پرشانت کشور نے وزیراعظم نریندر مودی سے زائد از 20 مرتبہ ملاقات کی ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے قومی صدر بی جے پی امیت شاہ سے بھی ملاقات کی۔ پرشانت کشور اور امیت شاہ نے ساتھ ساتھ لنچ و ڈنر بھی کیا ہے۔ سابق میں امیت شاہ اور پرشانت کشور میں پارٹی میں عہدوں کے معاملے پر رسہ کشی ہوئی تھی اور اب I-PAC ، پرشانت کی نئی ’’آؤٹ فٹ‘‘ نوجوانوں کو ان کی خدمات حاصل کرنے کیلئے بھرتی کررہی ہے جس کے ذریعہ وہ ملک کے نوجوانوں کو آئندہ ہونے والے عام انتخابات میں اپنا انتخابی موضوع بنائیں گے۔ پرشانت دوبارہ بی جے پی میں شامل ہوجاتے ہیں تو اس کا اثر 2019ء کے عام انتخابات پر پڑے گا اور بی جے پی کی گرتی ہوئی ساکھ کو بچایا جاسکتا ہے۔