جائیداد تنازعہ پر قتل کا انکشاف ، ملزمین جیل منتقل
حیدرآباد ۔ /20 ڈسمبر (سیاست نیوز) ملک پیٹ کے علاقہ پرشانت نگر میں پیش آئے ایک دلخراش واقعہ میں پولیس نے بیٹی کے قتل میں ملوث ماں اور اس کے بیٹے کو گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ملک پیٹ ایم سدرشن کے بموجب /17 ڈسمبر کو 38 سالہ کے شیوانندنی پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی جس کے نتیجہ میں اس کے باپ کے میسیا نے پولیس اسٹیشن ملک پیٹ میں اپنی بیٹی کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی تھی ۔ پولیس ملک پیٹ نے اس سلسلے میں گمشدگی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور مختلف زاویوں سے تحقیقات کے بعد پولیس نے شبہ کی بنیاد پر گمشدہ خاتون کے بھائی 31 سالہ کے سدھارتھ کو حراست میں لیکر اس کی تفتیش کی ۔ سدھارتھ نے اپنی سنسنی خیز انکشاف میں یہ کہا کہ اس نے اپنی ماں کے نرملا کی مدد سے /17 ڈسمبر کی دوپہر شیوانندنی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور بعد ازاں نعش کو باتھ روم میں چھپادیا ۔ اپنی بہن کی نعش کی شناخت چھپانے کی غرض سے سدھارتھ نے اس کے چہرے پر ہارپک ٹائیلٹ کلینر بھی ڈال دیا ۔ پولیس نے ملزم کے انکشاف کے بعد اس کے مکان واقع پرشانت نگر پہونچ کر خاتون کی مسخ شدہ نعش برآمد کرلی اور اسے بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ مقتولہ شیوانندنی کی اپنے شوہر سے علحدگی ہوگئی تھی اور وہ اپنے ماں باپ اور بھائی کے ساتھ ان کے مکان میں مقیم تھی ۔ گزشتہ چند دنوں سے موروثی جائیداد کو لے کر نندنی اور اس کے بھائی سدھارتھ کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا جس کے نتیجہ میں یہ قتل کیا گیا ۔ پولیس نے نرملا اور سدھارتھ کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردی ۔