جگتیال۔/6فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال میں آج ضلع کلکٹر ڈاکٹر اے شرت نے آئی ایم اے ہال میں پردھان منتری ایمپلائمنٹ پروگرام سے متعلق بینکرس کے ساتھ ایک اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ متعارف کی گئی اس اسکیم کا مقصد تمام ریاستوں اور اضلاع کے بے روزگار نوجوانوں کیلئے روزگار فراہم کرنا ہے۔ لہذا عوام میں اس خصوص میں شعور بیدار کرتے ہوئے تمام مقامی زبانوں میں پمفلٹس کی طباعت کرواکر تقسیم کریں تاکہ ہر بیروزگار نوجوان اس اسکیم سے فائدہ اٹھاکر روزگار سے مستفید ہوسکے۔ اس موقع پر انہوں نے بینکوں کے منیجرس سے بے روزگار وں کے ذریعہ داخل کی گئیں درخواستوں کی تفصیلات اور ان افراد کی درخواستوں میں منظور شدہ درخواستوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے جانکاری حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے بینک منیجرس سے کہا کہ اس اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ افراد کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کریں۔ چونکہ اگر ایک شخص کو اس اسکیم سے فائدہ ہوگا تب وہ اپنے خاندان کے 10افرادکی مدد کرسکتا ہے۔ تمام بینکوں میں جو بھی درخواستیں زیر غور ہیں ان تمام کا جلد از جلد جائزہ لیکر اس مہینے کی28 تاریخ تک مکمل کرتے ہوئے اس روزگار کی فراہمی میں تیزی پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ زیادہ سے زیادہ افراد کو فائدہ پہنچاکر انہیں چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کے قیام میں مدد کریں۔ تمام بینکس اس خصوص میں سنجیدگی سے توجہ فراہم کرتے ہوئے ضلعی سطح سے بے روزگاری کو کم کرنے کی کوشش کریں۔ روزگار کی فراہمی میں جو ہدف بینکوں کو دیا گیا اس سے کہیں زیادہ نتائج کے حصول کی کوشش کریں۔ اسی طرح ضلعی سطح پر بہترین خدمات کی فراہمی کرنے والے بینکوں کو ستائشی سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔ آندھرا بینک کے تحت کام کرنے والی شاخیں کورٹلہ ، مٹ پلی، کوڑمیال، جگتیال ، کے ڈی سی، کتھلا پور، دھرم پوری اور یونین بینکوں کے تحت کام کرنے والی شاخ کورٹلہ کو اس موقع پر سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔ اس پروگرام میں ایل ڈی ای ایم گوتم لکشمی نارائنا، کے ڈی سی سی، سی ای او، ستیانارائنا، ٹی جی بی، آر ایم رمنا مورتی کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔