ممبئی ، 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اپنی تیسری متواتر جیت کے بعد بلند حوصلہ ممبئی انڈینس کو بے استقلال دہلی ڈیرڈیولس کے مقابل اپنے کلیدی آئی پی ایل میچ میں کل یہاں وانکھیڈے اسٹیڈیم میں واضح برتری حاصل رہے گی۔ نچلے مقام پر موجود کنگس الیون پنجاب کے مقابل موہالی میں 23 رنز کی جامع فتح نے پُرجوش واپسی کرنے والے ایم آئی کو شاندار حوصلہ بخشا ہے کہ ڈیرڈیولس کا سامنا کرسکیں جو رواں سیزن عجیب و غریب انداز میں کھیلے ہیں اور گزشتہ رات راجستھان رائلز کے مقابل بُری طرح شکست کھاگئے۔ ایم آئی ٹیم کافی مثبت باتوں کے ساتھ کل کے میچ میں ایسے حریف کے خلاف میدان سنبھال سکتی ہے جو ایک درجہ بہتر محض برتر ’ نٹ رن ریٹ‘ کی وجہ سے ہے، جیسا کہ دونوں کے 9 میچوں سے 8 پوائنٹس ہیں اور کل کے مقابلے کے بعد چھٹی اور ساتویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ جدوجہد سے دوچار اوپنر پارتھیو پٹیل کی فام میں واپسی میزبان ٹیم کیلئے نیک شگون ہے، جنھوں نے ساتھی اوپنر لنڈل سیمنس کے ساتھ لگ بھگ سنچری پارٹنرشپ نبھانے کے علاوہ رواں سیزن کی اپنی پہلی ہاف سنچری بنائی۔ ایم آئی ایسا لگتا ہے کہ بعض کلیدی کھلاڑیوں کی انجری اور عدم مظاہرہ کے سبب محرومی کے بعد درست ترکیب پالی لیکن وہ موہالی کا سفر کرلینے بعد تھکے ماندے ہوں گے۔ دوسری طرف ڈیرڈیولس جن کا گزشتہ روز مجموعی طور پر ناقص میچ ہوا اور بدترین نوعیت کی فیلڈنگ پیش کی گئی، انھیں تیزی سے اپنی توانائیاں مجتمع کرتے ہوئے ایم آئی ٹیم کی سفری تھکن کا فائدہ اٹھانا پڑے گا۔ دہلی کے کپتان جے پی ڈومینی اور کلیدی آل راؤنڈر انجیلو میتھیوز دونوں نے اپنے مظاہرے میں استقلال کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ’’بدقسمتی سے جب ہم جیت جاتے ہیں تو اگلا میچ اچھا نہیں رہا ہے۔ ہمیں اس رجحان کو ختم کرنا ہوگا۔ استقلال کا مظاہرہ نہیں ہوا ہے۔ اگر ہم لگاتار ایک دو مقابلے جیت جائیں تو ہم حالات کا رُخ پلٹ سکتے ہیں،‘‘ میتھیوز نے ایم آئی کے میچ سے قبل پُراعتماد انداز میں یہ بات کہی۔ یوراج سنگھ کے ناقص فام پر سوالیہ نشان لگا ہے، جنھوں نے رائلز کے دھول کلکرنی کو ایک اوور میں عمدگی سے تین باؤنڈریاں لگائے، اور پھر فوری بعد آؤٹ ہوگئے۔ ڈومینی نے اس سوال کو ٹال دیا اور توقعات سے کمتر مظاہرہ پیش کرنے والے نیشنل ٹیم سے خارج شدہ کی تائید بھی کی۔ انھوں نے یوراج کے بارے میں کہا، ’’میچ کے بعد ابھی بس 15 منٹ گزرے ہیں اور تمام امکانات کھلے ہیں۔ بہرحال وہ (یوراج) میچ ونر ہے اور میرا ہنوز ماننا ہے کہ وہ اچھی کارکردگی پیش کرسکتے ہیں اور ان کی اس کیلئے تائید و حمایت کرنا پڑے گا‘‘۔ دوسری طرف ممبئی اس میچ میں کافی حوصلے کے ساتھ میدان سنبھالے گی لیکن وہ خراب مظاہرے کے نتیجے سے بخوبی واقف ہیں کہ ایک اور شکست ان کی کوالیفائی ہونے کی امیدوں کو ختم کرسکتی ہے۔ ان کے پاس کافی اچھا مڈل آرڈر موجود ہے کہ اچھی شروعات کا فائدہ اٹھا سکے۔ سری لنکا کے لاستھ ملنگا اور نیوزی لینڈ کے مچل مک کلینان کی شکل میں ’ڈیتھ بولرز‘ کے علاوہ چالاک و تجربہ کار ہربھجن سنگھ درمیانی اوورز میں اسکورنگ کی شرح کو محدود رکھ سکتے ہیں۔ مختصر یہ کہ ڈیرڈیولس کیلئے بڑا کٹھن معاملہ درپیش ہے کہ ایم آئی ٹیم کی جیت کے تسلسل کو روک کر خود اپنی کوالیفائی ہونے کی امیدوں کو دوبارہ روشن کیا جائے۔