پرتگال کو روکنے کے باوجود ایران ورلڈکپ سے باہر

ماسکو۔26 جون (سیاست ڈاٹ کام) فیفا ورلڈ کپ کے گروپ بی میں کے آخری مقابلوں میں پرتگال اور ایران کے ساتھ ساتھ اسپین اور مراقش کا میچ بھی برابر ہو گیا جس کے بعد یورپی ٹیموں اسپین اور پرتگال نے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ پرتگال اور ایران کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پرتگال ٹیم نے مجموعی طور پر اچھا کھیل پیش کیا لیکن گزشتہ میچوں کی نسبت وہ زیادہ فارم میں نظر نہ آئی جبکہ ایران نے امید سے زیادہ بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف رونالڈکو پنالٹی کک پر بھی گول کرنے نہیں دیا بلکہ ان کی ٹیم کو کامیابی سے روکا لیکن اس شاندارمظاہرے کے باوجود ایرانی ٹیم کا ورلڈ کپ سفر پہلے ہی مرحلے میں ختم ہوگیا۔پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ برابر رہا لیکن وقفہ ختم ہونے سے چند لمحے قبل ریکارڈو کواریسما نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔دوسرے ہاف کے ابتدائی لمحات میں ہی پرتگال کو برتری دگنی کرنے کا نادر موقع ملا لیکن ریئل میڈرڈ کے سوپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو پینالٹی پر گول اسکور نہ کر سکے۔دوسری جانب ایران نے بھی حریف ٹیم کے خلاف گول کی کوششیں شروع کیں جبکہ دوسرے گول کے لیے سرگرداں پرتگال نے متعدد فال کیے اور ان کے 4 کھلاڑیوں زردکارڈ دکھایا گیا۔میچ پرتگال کی فتح کے ساتھ اختتام کی جانب گامزن تھا کہ میچ کے 90منٹ مکمل ہونے کے بعد انجری ٹائم کے تیسرے منٹ میں ایران کو پینالٹی ملی جس پر کریم انصاری فرد نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا۔ایران کو چند منٹ بعد ہی گول کرنے کا ایک اور نادر موقع ملا لیکن ایرانی اسٹرائیکر گیند کو گول میں نہ ڈال سکے اور میچ برابر ہونے کے ساتھ ہی پرتگال نے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ ایران کی ٹیم عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔ اسپین اور مراقش کے درمیان بھی میچ برابری پر ختم ہوا جس کے ساتھ اسپین لگاتار دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے دوسرے راؤنڈ سے باہر ہونے سے بال بال بچ گیا۔میچ کی ابتدا میں ہسپانوی شائقین کو اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب 14ویں منٹ میں خالد بوطیب نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی لیکن 19ویں منٹ میں اسکو کے گول نے مقابلہ برابر کردیا۔پہلا ہاف 1-1 سے برابری پر اختتام پذیر ہوا۔81ویں منٹ میں یاسف ناصری نے گول کر کے مراقش کو دوسری مرتبہ برتری دلا دی۔