ڈھاکہ ، 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں پیش آئے تشدد کے حالیہ واقعات کے بعد بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے درمیان ٹسٹ سیریز کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔ رواں ہفتے ڈھاکہ میں ایک اطالوی شہری کو گولی مار کرہلاک کر دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے آسٹریلیا کی وزارت خارجہ نے اپنی نیشنل کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کا دورہ کرنے کیلئے منظوری نہیں دی۔ چنانچہ دونوں ملکوں کے درمیان اکتوبر میں سیریز کے امکانات معدوم ہو گئے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اپنی ٹسٹ ٹیم کو ڈھاکہ روانہ کرنے کی بجائے ڈومیسٹک ونڈے کپ کھیلنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ آسٹریلیا دو ٹسٹ کیلئے بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والا تھا لیکن اب آسٹریلیائی کھلاڑی اس ٹور کی منسوخی پر اپنی اپنی ریاست کو روانہ ہوگئے ہیں۔