نئی دہلی ۔ 22جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) وزیر ریلوے سریش پربھو کو آج ممتا بنرجی کی جانب سے ٹرین حادثہ کے بعد تائید حاصل ہوئی ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے کہا کہ مرکزی وزیر ریلوے اپنی کوششوں میں مخلص ہیں لیکن مرکزی حکومت ریلوے کو نظرانداز کررہی ہے اور اسے کم ترجیح دیتی ہے ۔ انسانی جانوں کے ضائع ہونے پر اظہار رنج کرتے ہوئے ممتابنرجی نے کہا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ کئی افراد کی جانیں ضائع ہوگئی ہیں ۔ میری ان کے سوگوار خاندانوں کو تعزیت پیش ہے تاہم ترنمول کانگریس کی سربراہ نے جن کا مرکز کے ساتھ تصادم جاری ہے کہا کہ وزیر ریلوے اپنی کوششوں میں مخلص ہیں لیکن حکومت کو ایسے مسائل کی فوری یکسوئی کرنی چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے گوشے گوشے سے روزآنہ ریلوے عوام کو منتقل کرتی ہے ۔ یہ ملک کی شہہ رگ ہے ہمیں ریلوے کے ملازمین پر فخر ہے ‘ تاہم انہیں نظرانداز کیا جارہا ہے اور انہیں ترجیح نہیں دی جارہی ہے ۔ بجٹ میں حفاظتی اور صیانتی انتظامات کی قیمت پر سمجھوتہ کیا گیا ہے ۔
ممتا بائیں بازو سے زیادہ
بے رحم : تسلیمہ نسرین
کولکتہ ۔22جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) جلاوطن بنگلہ دیشی مصنف تسلیمہ نسرین نے کہا کہ انہیں اُمید تھی کہ مغربی بنگال کی صورتحال ممتابنرجی کے دور اقتدار میں بہتر ہوگی لیکن انہیں محسوس ہورہا ہے کہ ممتا بنرجی بائیں بازو کی حکومت سے زیادہ بے رحم ہیں ۔