لندن۔28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم پراکٹس میچ میں کامیابی حاصل نہ کرسکی اور اس مقابلے کے دوران ٹیم کی کئی خامیاں سامنے آئی ہیں جس پر انتظامیہ فکر مند دکھائی دے رہا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹسٹ یکم اگست کو شروع ہورہا ہے۔اپنی سرزمین پر رنز کے انبار لگانے والے ہندوستانی بیٹسمین ہنوز انگلش وکٹوں پر جدوجہد کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ پہلے ٹسٹ سے قبل کھیلا گیا تین روزہ پراکٹس مقابلہ ڈرا ہوگیا لیکن ہندوستان کی بیٹنگ کی ناکامی نے ٹیم انتظامیہ کے ماتھے پر شکنیں مزید گہری کردی ہے۔ ٹاپ آرڈر بیٹسمینس کائونٹی ٹیموں کے سوئنگ بولنگ کرتے فاسٹ بولروں کیخلاف ہی کامیاب نہیں ہوئے ہیں۔ ہوم گرائونڈز پر حریف بولرز کے چھکے چھڑادینے والے اوپنرشکھر دھون کی بیرون ملک ناکامیاں ختم نہیں ہورہی ہیں، وہ ایسیکس کے خلاف دونوں اننگز میں صفر پر آئوٹ ہوئے۔ مہمان ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیاب رہی لیکن ونڈے سیریز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اب اسے ٹسٹ سیریز میں میزبان بولنگ کا سامنا کرنا ہے۔ ہندوستان ٹیم کیلئے سب سے بڑا امتحان دنیا کے نمبر ایک بولر جیمز اینڈرسن کی قیادت میں فاسٹ بولنگ سے نمٹنا ہے ۔کپتان ویراٹ کوہلی کے علاوہ چتیشور پجارا جیسے کھلاڑی کچھ عرصے سے انگلینڈ میں کائونٹی کرکٹ کھیل کر وکٹوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے کوشاں تھے، لیکن اس کا اب تک نہیں خاطر خواہ فائدہ شاید نہیں ہوسکا ہے۔ گھریلو وکٹوں پر انگلش فاسٹ بولنگ شعبہ بہت ہی خطرناک ثابت ہوتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم انتظامیہ 3 روزہ میچ میں شکھر دھون اور پجارا کی ناکامی پر پریشان ہے۔چیلمسفورڈ میں ایسیکس کے خلاف کھیلا گیا 3 روزہ میچ ڈرا ہوا،تاہم اس میچ میں مہمان ٹیم کی کچھ کمزوریاں کھل کر سامنے آگئی ہیں۔ ٹیم پہلی اننگز میں 395 پر آئوٹ ہوئی تو دوسری اننگز میں بھی شکھر دھون صفر پر آئوٹ ہوئے، چتشور پجارا بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 23 رنز بناسکے انہوں نے پہلی اننگز میں ایک رن بنایا تھا،ٹیم نے 2وکٹ پر 89رنز بنائے تھے کہ میچ ختم کردیا گیا ،قبل ازیں ایسیکس نے پہلی اننگز 359 رنز 8 وکٹ پر ڈیکلیئر کی ،یادیو اور شرما نے اگرچہ بالترتیب 4 اور 3 وکٹیں حاصل کیںلیکن حریف ٹیم کے 3 کھلاڑی نصف سنچریاں بناکر ہندوستانی بولنگ کو بے اثر کرنے میں کامیاب رہے،اس طرح یکم اگست سے ایجبسٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹسٹ میچ سے قبل بیٹنگ اور بولنگ میں ہندوستانی ٹیم کی یہ کارکردگی زیادہ حوصلہ افزا نہیں ہے۔قبل ازیں سابق فاسٹ بولر گلین میک گرا نے کہا ہے کہ کوہلی الیون کو مشکل صورتحال کا سامنا ہوگا۔ سیم اور سوئنگ انہیں بلاشبہ تنگ کریگی۔ ہندوستانی بیٹسمینوں کے پاس ایک ہی حل ہے کہ وہ اینڈرسن کے خلاف بہتر کھیلیں۔ جسپریت بمراہ اور بھونیشور کمارکے زخمی ہونے سے ہندوستانی بولنگ کی کمزورہوگئی لیکن یاد رکھنا چاہیے کہ بیٹنگ ہی ہندوستانی ٹیم کی طاقت رہی ہے ۔
اور بیٹسمینوں کو ہی سیریز میں کارکردگی دکھانا ہوگی۔