پراوین کمار ممبئی انڈینس میں ظہیر خان کے مقام پر شامل

نئی دہلی۔10مئی( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) کی ٹکنیکل کمیٹی نے ممبئی انڈینس کی درخواست قبول کرتے ہوئے فاسٹ بولر ظہیرخان کے مقام پر پراوین کمار کو متبادل کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ ممبئی انڈینس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی پی ایل کی ٹکنیکل کمیٹی نے زخمی ہوکر ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ظہیرخان کے مقام پر پراوین کمار کو ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت دے دی ہے اور اس اجازت کے بعد پراوین کمار فوریطور پر ممبئی انڈینس کی نمائندگی کے اہل ہوچکے ہیں ۔ دلچسپ حقیقت ہے کہ پراوین کمار کو کھلاڑی کی نیلامی میں کسی ٹیم نے حاصل نہیں کیا تھا جبکہ ظہیرخان 3مئی کو پنجاب کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں آخری اوور کی گیندیں کرنے کے بعد زخمی ہوگئے تھے اور عضلات میں جکڑن کے باعث اب وہ ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکے ہیں ۔