پرانے شہر کے قائد کو گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیتی صدر مقرر کیا جائے

رائل فنکشن ہال میں سینئر کانگریس قائدین کا اجلاس ، ڈگ وجئے سنگھ سے مطالبہ
حیدرآباد۔ 30 اگست (راست) گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت کے صدر کی نامزدگی کے ضمن میں آج رائل فنکشن ہال چارمینار میں پرانے شہر کے سینئر کانگریس قائدین کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔ کنوینر اجلاس حاجی موسیٰ قاسم نے متفقہ طور پر صدر کی نامزدگی کو یقینی بنانے کیلئے  اجلاس طلب کیا تھا جس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر میر ہادی علی وائس چیرمین کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت نے کہا کہ برسوں سے پرانے شہر سے وابستہ کانگریس قائدین کا استحصال کیا گیا حتی کہ کئی سینئر کانگریس قائدین جن کا پرانے شہر سے تعلق تھا، ابوبکر یوسفی، ارشاد احمد، سید نصیرالدین، سید حسین انتقال کرگئے، اس کے باوجود کانگریس ہائی کمان نے کسی بھی مسلم قائد کو اس کا جائز مقام نہیں دیا۔ مسٹر میر ہادی علی نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کانگریس پارٹی مجلس سے ٹکر لے گی۔ اس کیلئے کسی بھی پرانے شہر کے سینئر کانگریس قائد کو صدر حیدرآباد کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت نامزد کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ اگر کانگریس پارٹی پرانے شہر کے مضبوط قائد کو نامزد کرے تاکہ دندان شکن جواب دے سکے۔ مسٹر خواجہ غیاث الدین کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ و پبلیسٹی سیکریٹری نے بہ بانگ دہل پرانے شہر کے مسلم قائدین پر ہورہی ناانصافی کو دہرایا۔ کانگریس ہائی کمان ان چیزوں پر سخت نوٹ لیں جس سے ریاست تلنگانہ کی مسلم اقلیتیں پسند نہیں کرتے۔ اجلاس میں ڈاکٹر ایم اے انصاری سیکریٹری پی سی سی، مسٹر مرزا مصطفی علی بیگ، قادر چاوش، ایس ایس مجاہد خاں قدوس علی، مجتبیٰ عابدی، محمد امجد، کاظم حسین، دلاور حسین، ایف ایچ نیر نے بھی خطاب کیا۔ کنوینر اجلاس کی روئیداد پر طئے پایا کہ تمام پرانے شہر کے کانگریس قائدین متفقہ طور پر کسی بھی مسلم قائد کو جو پرانے شہر سے تعلق رکھتا ہو ہائی کمان سے رجوع کرنے کی بات کہی اور ڈگ وجئے سنگھ انچارج کانگریس پارٹی کو علیحدہ یادداشت پیش کی جائے گی۔