پرانے شہر کے سوئمنگ پولس پر دھاوے

مالکین اور انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج
حیدرآباد ۔ یکم جون (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے آج پھر ایک مرتبہ کارڈن سرچ آپریشن کیا جس کے تحت علاقہ صلالہ بارکس اسمعیل نگر خلوت یابا ، رین بازار علاقوں میں 15 پولیس کی خصوصی پارٹیوں نے سوئمنگ پول پر اچانک دھاوے کرتے ہوئے تیراکی کیلئے آنے والے افراد کی حفاظت اور احتیاطی اقدامات کی تفصیلات حاصل کی ۔ پولیس نے 5 سوئمنگ پول کے مالکین اور انتظامیہ کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعہ 336 کے تحت مقدمات درج کرلئے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائینا نے بتایا کہ /16 مئی کو علاقہ رین بازار میں  واقع ایک سوئمنگ پول میں تیراکی کیلئے چھلانگ لگانے والا نوجوان فوت ہوگیا تھا اور اس کی وجہ سوئمنگ پول کے انتظامیہ کی لاپرواہی کا نتیجہ تھا جو احتیاطی اقدامات اور سائن بورڈس نصب نہیں کئے ۔ انہوں نے بتایا کہ کم عمر بچوں کو بھی سوئمنگ پول میں تیرنے کی اجازت دی جارہی ہے اور ان کی حفاظت کیلئے کوئی موثر اقدامات نہیں کئے گئے ہیں اور کئی سوئمنگ پولس میں ٹرینر یا کوچ بھی موجود نہیں ہے ۔  ایمرجنسی حالات سے نمٹنے اور تیراکی کے دوران غرقاب ہونے کے دوران تیراکوں کو بچانے کے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ سوئمنگ پولس میں کلورنگ اور برومائن کی سطح بھی موجود نہیں ہے جو پول کے پانی کو آلودہ بناتی ہے ۔ سوئمنگ پول کے انتظامیہ محض فی گھنٹہ 70 روپئے وصول کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور نوجوانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے سوئمنگ پول انتظامیہ کو انتباہ دیا ہے کہ وہ قانونی ضابطہ کے تحت تمام شرائط مکمل کریں ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی ۔ پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی طورپر سوئمنگ پولس چلائے جارہے ہیں ۔پولیس نے کم عمر بچوں کی حفاظت کے تعلق سے لاپرواہی برتنے پر تلاشی کارروائی شروع کی ۔ سوئمنگ پول انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے حادثہ ہورہے ہیں ۔