پرانے شہر کے ترقیاتی منصوبوں پر عدم عمل آوری

تمام وعدے و اعلانات دھرے کے دھرے رہ گئے
حیدرآباد۔12اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے پرانے شہر کی ترقی کے لئے کئی منصوبوں کا اعلان کیا تھا لیکن ان میں سے ایک بھی منصوبہ کو قابل عمل نہیں بنایا گیا جن میں چارمینارتا معظم جاہی مارکٹ ٹرام یا مونو ریل شروع کرنے کے منصوبہ کا اعلان بھی شامل تھا ۔ حکومت تلنگانہ سال 2017 میں ماہ اگسٹ کے دوران ایک فرانسیسی کمپنی کے ساتھ شہر حیدرآباد کے نظام ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں کئے گئے مذاکرات کے ساتھ اس بات کا اعلان کیا تھا کہ تاریخی چارمینار سے معظم جاہی مارکٹ تک سیاحوں اور مسافرین کی سہولت کیلئے ٹرام وے یا مونو ریل کی شروعات کی جائے گی اور بعد مذاکرات کے یہ اعلان کیا گیا تھا معظم جاہی مارکٹ تا چارمینار 2.9کیلو میٹر کی راہداری پر ٹرام وے تعمیر کیا جائے گا اور 250کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔اس پراجکٹ کے سلسلہ میں مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ہمراہ فرانسیسی کمپنی کے ذمہ داروں نے ملاقات کرتے ہوئے پراجکٹ کی تفصیلات سے واقف بھی کروایا اور ان مذاکرات کے دوران ریاستی قانون ساز اسمبلی و قانون ساز کونسل کے شہر سے تعلق رکھنے والے اراکین بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں اس پراجکٹ کے سلسلہ میں ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ سے بھی متعدد ملاقاتیں کی گئیں اور کہا گیا کہ پرانے شہر میں موجود تاریخی چارمینار سے معظم جاہی مارکٹ کے درمیان میٹرو یا ایم ایم ٹی ایس کی شروعات کے امکان موہوم ہیں اسی لئے اس راہداری پر ٹرام وے کی تعمیر کو قطعیت دے دی گئی ہے ۔ ٹرام وے کی تعمیر کے سلسلہ میں فرانسیسی کمپنی کی جانب سے مطالعاتی رپورٹ پیش کرنے کے بعد کہا گیا تھا کہ اس پراجکٹ کی منظوری کے سلسلہ میں بہت جلد اقدامات کئے جائیں گے لیکن تاحال اس پراجکٹ کے سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے گئے بلکہ 2017اگسٹ کے بعد سے اب تک اس پراجکٹ پر کوئی تبادلہ ٔ خیال تک نہیں کیا گیا بلکہ اس پراجکٹ کو مکمل طور پر فراموش کردیا گیا ۔ پرانے شہر کی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے تجویزکردہ اور معلنہ پراجکٹس میں صرف ایک ٹرام وے کا پراجکٹ ایسا نہیں ہے جو کہ صرف اعلان کی حد تک محدود رہا بلکہ پرانے شہر میں ترقی کے نام پر جتنے اعلانات کئے گئے ان میں بیشتر اعلانات جوں کے توں ہیں اور ان پر عمل آوری کے سلسلہ میں محکمہ جاتی کوتاہی پر کوئی سوال کرنے والا نہیں ہے لیکن اس کے باوجود حکومت کی جانب سے پرانے شہر کی ترقی میں تلنگانہ راشٹر سمیتی حکومت کے اہم رول کے دعوے کئے جا رہے ہیں جو کہ عوام کی نظر میں بے بنیاد ثابت ہو چکے ہیں۔