پرانے شہر کی چار ارزاں فروشی کی دکانات مہربند

حیدرآباد 25 فروری (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ تالاب کٹہ میں محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں نے آج بڑے پیمانے پر دھاوے کرتے ہوئے ارزاں فروشی کی 4 دوکانات کو مہربند کردیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف راشننگ آفیسر حیدرآباد مسز بھارتی ہولیکیری نے آج دیگر عہدیداروں کے ہمراہ گزشتہ یوم مقفل کردہ 4 راشن شاپس کو کھلواتے ہوئے معائنہ کیا اور بے شمار بے قاعدگیوں کی پاداش میں ان راشن شاپس کو بند کرتے ہوئے مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ سیول سپلائز کو کارڈ گیرندوں کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد عہدیداروں نے گزشتہ یوم اچانک دھاوے کئے لیکن راشن شاپس مالکین نے دوکانات کو مقفل کرتے ہوئے فرار اختیار کرلی تھی۔ عہدیداروں نے مقفل دوکانات پر اپنے قتل ڈال دیئے اور آج بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے ان دوکانات کا معائنہ کیا اور ان 4 دوکانوں کے لائسنس ضبط کرلئیایک بے نامی دکان پائی گئی جبکہ تمام دوکانات میں ناپ تول کے آلات غیر درست پائے گئے۔ اسی طرح دو دوکان مالکین کے قبضہ سے کئی راشن کارڈس برآمد کئے گئے۔ علاوہ ازیں دوکاندار راشن کے حصول کے لئے پہنچنے والوں سے پیشگی تمام اشیاء کی حوالگی پر دستخط حاصل کرلینے کے مرتکب بھی پائے گئے۔ مسز بھارتی نے بتایا کہ خاطی راشن شاپ مالکین کیروسین کو اضافی قیمت پر فروخت کرنے کے بھی مرتکب پائے گئے اور کسی بھی دوکان کی جانب سے حکومت کی جانب سے معلنہ اسکیم فی کس 6 کیلو چاول کی فراہمی پر عمل نہ کئے جانے کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں۔

اُنھوں نے بتایا کہ پرانے شہر میں موجود راشن شاپس سے غریب عوام اناج حاصل کرتے ہیں اور ان غریبوں کو دھوکہ دینے والوں کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بہت جلد وسیع منصوبہ بندی کے ساتھ شہر کے دیگر علاقوں بالخصوص سلم علاقوں میں موجود راشن شاپس پر دھاوے کئے جائیں گے۔تالاب کٹہ علاقہ جوکہ سیول سپلائز سرکل 2 میں آتا ہے اس علاقہ کی 4 دوکانات شاپ نمبرات 294 ،296 ، 265 ، 225 کے خلاف شکایات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی ہے اور خاطی دوکانداروں کے خلاف کارروائی کا مقصد غریب عوام کو راحت پہنچانا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ارزاں فروشی کی ان دوکانات کے اسٹاک رجسٹرس کا جائزہ لینے پر یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ خاطی دوکاندار سیول سپلائز سے حاصل ہونے والی اشیاء کا ریکارڈ نہیں رکھتے اور دیگر ایسی اشیاء بھی راشن شاپس کے ذریعہ فروخت کرتے ہیں جو مہنگے داموں میں حاصل ہوتی ہیں۔ مسز بھارتی نے بتایا کہ ان دوکانات میں ان سب کے علاوہ کئی بے قاعدگیاں پائی گئی ہیں اس لئے انھیں فوری مہر بند کرتے ہوئے کارڈ گیرندوں کو دوسری دوکانات الاٹ کی جارہی ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ کسی بھی راشن شاپ کو اس بات کا اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ راشن کارڈ گیرندوں کے کارڈس اپنے پاس رکھیں ایسا کرنے والوں کے خلاف محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے سخت کارروائی کی جائے گی۔