پرانے شہر میں 6 کروڑ روپئے کی لاگت سے فٹبال میدان کی تعمیر

جوائنٹ کمشنر ساؤتھ زون ایس سرینواس ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) عالمی سطح کے فٹبال میدان کی تعمیر کیلئے عظیم تر بلدیہ حیدرآباد نے کمر کس لی ہے۔ فٹبال کیلئے مشہور پرانے شہر حیدرآباد کے علاقہ بارکس میں 6 کروڑ روپئے کی لاگت سے فٹبال میدان تعمیر کرنے کا جی ایچ ایم سی نے فیصلہ کیا ہے۔ جی ایچ ایم سی عہدیداران کا خیال ہے کہ پرانے شہر میں فٹبال میدان کی تعمیر سے قدیم تاریخی روایات زندہ ہوں گی اور یہاں سے عالمی سطح کے کھلاڑیوں کی کھیپ تیار ہوگی اور بین الاقوامی ملکی اور ریاستی سطح کی ٹیموں کیلئے حیدرآباد ایک پلیٹ فارم کی حیثیت اختیار کیا جائے گا۔ فٹبال کھیل میں حیدرآباد اپنی خصوصی قدیم تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ ہندوستانی فٹبال بال گیمس کی شہری تاریخ 1940-60ء کے درمیان شہر سے تعلق رکھنے والے بہترین کھلاڑی بھارتی ٹیم میں شامل ہوا کرتے تھے۔ علاوہ ازیں اس زمانے کی فٹبال ٹیموں کے کپتان بھی حیدرآباد ہوا کرتے تھے۔ اتنا ہی نہیں اولمپکس کھیلوں میں بھی ہندوستانی ٹیموں کی قیادت کی ہے اور ایشیا گیمس میں بھی شرکت کی ہے۔ بعدازاں فٹبال میدانوں کی عدم تعمیر و ترقی اور سابقہ حکومتوں کی لاپرواہی کی وجہ سے کامیاب فٹبالرس غیریقینی صورتحال کا شکار ہوگئے۔ تو اب کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر جی جناردھن ریڈی کی دلچسپی اور کوششوں کے ذریعہ ساؤتھ زون کمشنر سرینواس ریڈی اور چیف انجینئر دتو پنت کی نگرانی میں فٹبال میدان کی تعمیر کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جوائنٹ کمشنر ایس سرینواس ریڈی نے کہا کہ پرانے شہر میں قومی اور بین الاقوامی فٹبالرس موجود ہیں۔ بارکس علاقہ کے اطراف و اکناف کے رہنے والے ابھی بھی 200 فٹبالرس روزانہ کھیلتے ہیں اور ہمیں مکمل بھروسہ ہے کہ انہیں صحیح تربیت فراہم کی گئی تو عالمی سطح پر میڈلس حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ اس لئے عالمی سطح کا فٹبال میدان تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے ایک حصہ کے طور پر 2 کروڑ روپئے کی لاگت سے میدان، 70 لاکھ روپئے لاگتی گیلری 1.2 کروڑ روپئے لاگتی سے کھلاڑیوں کمرے اور مزید 2.1 کروڑ کی لاگت سے دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔