ہیلمٹ کے بغیر موٹر سیکل چلانے پر کارروائی ،عوام کیلئے سبق
حیدرآباد 29 جنوری (سیاست نیوز) ٹریفک قوانین بالخصوص ہیلمٹ لزوم کی خلاف ورزیکرنے والے ملازمین پولیس کے خلاف پرانے شہر میں خصوصی مہم چلائی گئی جس کے تحت 27 پولیس عہدیداروں کو جرمانہ عائد کیا گیا۔ واضح رہے کہ کمشنر پولیس حیدرآباد سٹی نے اپنے تمام پولیس عملے کو یہ ہدایت دی تھی کہ وہ ہیلمٹ قانون پر عمل آوری کے معاملے میں عوام کے لئے ایک مثال بن جائیں اور اِس تعلق سے کسی بھی طرح کی رواداری نہیں برتی جائے گی تاکہ خطرناک سڑک حادثات کی روک تھام ہوسکے۔ اِس سلسلہ میں آج اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما ڈیویژن مسٹر محمد تاج الدین احمد کی زیرنگرانی سنتوش نگر اور فلک نما ڈیویژن میں ہیلمٹ قوانین پر سختی سے عمل آوری پر مہم اچانک شروع کی گئی جس کے دوران کئی سب انسپکٹران اور کانسٹبلس خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے۔ چندرائن گٹہ، مادنا پیٹ، فلک نما، چھتری ناکہ، شاہ علی بنڈہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ تین سب انسپکٹران، ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ایک ہیڈ کانسٹبل، 15 کانسٹبلس اور 7 ہوم گارڈس کو خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا اور اُنھیں فی کس 100 روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ 129/177 کے تحت یہ جرمانہ عائد کیا گیا تھا اور قصوروار ملازمین پولیس کے خلاف پولیس اسٹیشن کی جی ڈی رجسٹر میں اندراج کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ ملازمین پولیس اِس قسم کی مسلسل خلاف ورزی پر ملوث پائے جانے پر اُنھیں معطل بھی کیا جاسکتا ہے اور ہوم گارڈس کو نوکری سے برخاست کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔