مجوزہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کسی بھی غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر سخت انتباہ
حیدرآباد 5 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست میں مجوزہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پولیس روڈی عناصر کے خلاف شکنجہ کسنا شروع کردیا ہے۔ ساؤتھ زون پولیس پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے 105 روڈی شیٹرس کو حراست میں لے کر اُن کی کونسلنگ کی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون عنبر کشور جھا کی زیرنگرانی روڈی شیٹرس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اُنھیں حراست میں لے کر پرانی حویلی اولڈ کمشنر پولیس آفس منتقل کیا۔ اِس موقع پر ڈی سی پی ساؤتھ زون نے کہاکہ پرانے شہر میں جملہ 700 روڈی شیٹرس موجود ہیں اور پولیس نے 105 روڈی شیٹرس کو حراست میں لیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ روڈی شیٹرس کا تعلق مختلف پولیس اسٹیشن سے ہے اور وہ اراضی تنازعات کی یکسوئی، جبری وصولی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ پولیس نے اُنھیں حراست میں لے کر انتباہ دیا کہ مجوزہ اسمبلی انتخابات کے دوران اگر کسی بھی قسم کی غیرقانونی اور غیر سماجی حرکت میں ملوث پائے گئے تو اُن کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس خطرناک روڈی شیٹرس کے خلاف پی ڈی ایکٹ بھی نافذ کرے گی۔ ڈی سی پی نے کہاکہ روڈی شیٹرس پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور اُنھیں متعلقہ پولیس عہدیداروں کو یہ ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقہ کے روڈی شیٹرس کی سرگرمیوں پر قابو رکھیں۔