پرانے شہر میں ڈرگس کی اسمگلنگ کا ریاکٹ بے نقاب

دو افراد گرفتار ، ٹاسک فورس کی کارروائی ، کوٹی ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ /28 اپریل (سیاست نیوز) پرانے شہر میں او پی ایم (ڈرگس) کی اسمگلنگ میں ملوث دو افراد کو کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر این کوٹی ریڈی نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے مالڈا مغربی بنگال  سے تعلق رکھنے والے قیوم الحق اور اس کے ساتھی مدھیہ پردیش کے متوطن 28 سالہ چندن نوین کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 2.7 کیلو منشیات برآمد کرلی ۔ انہوں نے بتایا کہ چندن نوین کا تعلق مدھیہ پردیش سے ہے اور وہ جمعرات بازار منگل ہاٹ کا ساکن ہے جسے بیوی کو مزید جہیز کیلئے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ قیوم الحق جس کا تعلق مغربی بنگال سے ہے اسے بھی سابق میں جعلی کرنسی نوٹس کے کاروبار میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا ۔ مذکورہ ملزمین کی ملاقات چنچل گوڑہ جیل میں ہوئی جہاں پر انہوں نے مغربی بنگال کے ایک متوطن سلیم جو جعلی کرنسی ریاکٹ کا رکن تھا سے دوستی ہوگئی ۔ چندن نوین جیل سے رہا ہونے کے بعد قیوم الحق سے رابطہ قائم کیا اور آسانی سے روپئے کمانے کی غرض سے او پی ایم ڈرگس کی اسمگلنگ کے ذریعہ شہر میں معقول روپئے کمانے کا منصوبہ تیار کیا تھا ۔ قیوم کی ایماء پر سلیم نے مغربی بنگال سے 2.7 کیلو او پی ایم جنہیں پیاکٹ میں پیاک کرکے بذریعہ ٹرین روانہ کیا گیا تھا ۔ قیوم الحق ڈرگس کا پارسل حاصل کرنے کے بعد آج دوپہر پرانا پل دروازہ کے قریب اپنے ساتھی چندن نوین کے ہمراہ خواہشمند گاہکوں کی تلاش میں تھا کہ ٹاسک فورس نے اسے گرفتار کرلیا ۔ ٹاسک فورس نے گرفتار ملزمین کو سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس کے حوالے کردیا گیا تاکہ ڈرگ ریاکٹ میں ملوث سلیم کو گرفتار کیا جائے ۔