پرانے شہر میں مہلک ہتھیاروں کی فروخت ریاکٹ بے نقاب ، دو افراد گرفتار

حیدرآباد ۔ 12 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : پرانے شہر میں مہلک ہتھیاروں کو فروخت کرنے والے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کردیا گیا جو دیسی ساختہ ریوالور کے کاروبار میں مصروف تھے ۔ علاقہ چھتری ناکہ سے تعلق رکھنے والے اہم سرغنہ روی کرن گوڑ 29 سالہ کے علاوہ 34 سالہ سرینواس ساکن پہاڑی شریف کو گرفتار کرلیا جب کہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ 38 سالہ راکیش مفرور بتایا گیا جس کا تعلق بہار سے ہے ساوتھ زون ٹاسک فورس پولیس نے ایڈیشنل ڈی سی پی مسٹر کوٹی ریڈی کی قیادت میں یہ کارروائی انجام دی ۔ اس ٹولی کو بے نقاب کرنے میں مسٹر کوٹی ریڈی کی خصوصی دلچسپی تھی ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک دیسی ساختہ بندوق اور دو کارتوس کو ضبط کرلیا ۔ سرینواس اور روی کرن گوڑ بہار سے ہتھیاروں کی منتقلی کرتے ہوئے اسے شہر میں فروخت کرتے ہوئے دہشت پھیلانا چاہتے تھے ۔ ایک اطلاع پر ایڈیشنل ڈی سی پی ٹاسک فورس فوری چوکس ہوگئے اور ان دونوں سرغنوں پر نظر بڑھا دی اور ایک شراب خانے کے قریب سے ٹاسک فورس ساوتھ زون کی ٹیم نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ بہت جلد راکیش کو بھی گرفتار کرلے گی ۔ یہاں اس بات کا ذکر بے جانا ہوگا کہ ان دو افراد کو چھتری ناکہ علاقہ کے ایک شراب خانے کے قریب سے گرفتار کیا گیا ۔ یہ علاقہ پرانے شہر کا ایک حساس علاقہ مانا جاتا ہے اور فرقہ وارانہ نوعیت سے حساس اس علاقہ میں ایسے افراد کی سرگرمی خطرناک رجحانات کی طرف اشارہ کرتی ہے ۔۔