حیدرآباد /29 جنوری ( سیاست نیوز ) پرانے شہر میں بچہ مزدوری کے خلاف سٹی پولیس کی خصوصی مہم جاری ہے اور آج مزید 72 کمسن بچوں کو آزاد کرالیا گیا جن سے مزدوری کرائی جارہی تھی اور ان کا استحصال کیا جارہا تھا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون کی خصوصی ہدایت پر آج اے سی پی سنتوش نگر مسٹر محمد اشفاق نے ڈیویژن میں دھاوے کئے اور تقریباً 22 بچہ کو بچہ مزدوری سے آزاد کروالیا ۔ پرانے شہر میں بیرونی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کمسن بچوں سے مزدوری کروانے کا ایک رواج چل پڑا ہے ۔ تاہم پولیس نے بھی بچہ مزدوری کے خلاف آواز بلندی کردی ہے ۔ اے سی پی سنتوش نگر نے بتایا کہ سنتوش نگر ڈیویژن کے کنچن باغ حدود میں آج شام دھاوے کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے ایسے مزید دھاوے جاری رہیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ زری ، پلاسٹک کے کارخانوں پر پولیس نے چھاپے مارے اور ان کارخانوں سے کل 22 بچوں کو آزاد کروالیا ۔ اے سی پی سنتوش نگر نے بتایا کہ محکمہ چائیلڈ ویلفیر کے عہدیداروں کو طلب کرتے ہوئے بچوں کو ان کے حوالے کردیا گیا ۔ جہاں انہیں راحت کاری مقام پر رکھا جائے گا ۔