پرانے شہر میں سحر کے وقت این آئی اے کے دھاوے ، 11 مسلم نوجوان گرفتار

آئی ایس سے ربط اور دھماکوں کی منصوبہ بندی کا الزام

حیدرآباد۔ /29 جون (سیاست نیوز) سال 2007 ء مکہ مسجد میں دھماکہ ہوتا ہے اور اس کے فوری بعد پولیس کے اعلیٰ عہدیدار  میڈیا سے مخاطب ہوکر اس دھماکہ کو مسلمانوں کی سازش قرار دیتے ہیں اور شاہد بلال کو اس کا کردار ادا کرنے والا خاطی قرار دیتے ہیں ۔ مکہ مسجد دھماکوں کے 10 سال بعد آج پولیس کے ایک خصوصی شعبہ نے جسے قومی تحقیقاتی ایجنسی کے نام سے جانا جاتا ہے، شہر حیدرآباد کے 10 مختلف مقامات پر دھاوا کیا اور اس کارروائی میں 11 مسلم نوجوانوں کو اس الزام کے تحت گرفتار کرلیا ہے کہ یہ لوگ عید کے موقع پر دھماکہ کرنے والے تھے ۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) عہدیداروں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ یہ لوگ عید کے دن ملک کے کئی مذہبی مقامات ، عوامی مقامات اور سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنانے کی تیاری میں جٹے ہوئے تھے ۔ تفصیلات کے بموجب این آئی اے عہدیدار حیدرآباد سٹی پولیس کے کمشنر ٹاسک فورس عملہ کی مدد سے پرانے شہر میں صبح کی اولین ساعتوں میں بیک وقت دھاوے کرتے ہوئے مسلم نوجوانوں کو حراست میں لے لیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ ، بارود اور لاکھوں روپئے کی نقد رقم ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ۔ قبل ازیں سحر کے فوری بعد کئے گئے ان دھاؤں کے سبب پرانے شہر میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس کی خصوصی ٹیموں نے نوجوانوں کے مکانات کا محاصرہ کرلیا تھا ۔

بعض نوجوانوں کو فجر کی نماز کے بعد مکان لوٹنے کے دوران ہی گرفتار کرلیا گیا۔ دونوں شہروں میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے اور بڑے پیمانے پر بم دھماکے انجام دینے کے الزام میں حراست میں لئے گئے نوجوانوں کو فوری نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ۔ این آئی اے عہدیداروں نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ حراست میں لئے گئے نوجوان اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے آلہ کاروں سے مسلسل سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائیٹس کے ذریعہ ربط میں تھے اور دہشت گرد کارروائی انجام دینے کیلئے اسلحہ اور دھماکو اشیاء حاصل کیا تھا ۔ این آئی اے ذرائع نے بتایا کہ مجرمانہ سازش اور آئی ای ڈی (بم) تیار کرنے کی کوشش میں حراست میں لئے گئے 11 نوجوان 24 سالہ محمد الیاس یزدانی ساکن تالاب کٹہ امان نگر بی اور ان کے بھائی 30 سالہ محمد ابراہیم یزدانی عرف ابو ساکن چھتہ بازار لکڑ کوٹ ، 32 سالہ حبیب محمد ساکن ہاشم آباد چندرائن گٹہ ، 27 سالہ محمد عرفان ساکن زہرہ نگر منڈی میرعالم ، 31 سالہ عبداللہ بن احمد العمودی ساکن پنچ محلہ چارمینار ، 42 سالہ سید نعمت اللہ حسینی عرف یاسر نعمت اللہ ،29 سالہ مظفر حسین رضوان ساکن تالاب کٹہ ، 30 سالہ محمد عطاء اللہ رحمن ساکن بنڈلہ گوڑہ چندرائن گٹہ ، 32 سالہ ابدال عرف الجیلانی عبدالقادر محسن محمود ساکن گلشن اقبال کالونی ، 20 سالہ محمد اظہر ساکن تالاب کٹہ ، 21 سالہ محمد ارباز احمد ساکن بنڈلہ گوڑہ کیشو گری نے داعش کی ایماء پر اسلحہ بشمول چینی ساختہ آٹومیٹک پستول ، یوریا ، امونیم نائیٹریٹ اور دیگر کیمیکلس حاصل کرتے ہوئے شہر کے بڑے شاپنگ مالس کی نشاندہی کرلی تھی تاکہ انہیں بیک وقت نشانہ بنایا جاسکے ۔

 

تحقیقاتی ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار کئے گئے نوجوان ایرگن سے ہاشم آباد علاقہ میں شوٹنگ کی مشق کیا کرتے تھے ۔ این آئی اے حیدرآباد یونٹ نے گرفتاریوں سے متعلق ایک مقدمہ جس کا نمبر RC-01/2016/NIA/HYD ہے درج کرتے ہوئے 5 نوجوان ابراہیم یزدانی ، حبیب محمد ، محمد الیاس یزدانی ، عبداللہ بن احمد العمودی عرف فہد اور مظفر حسین رضوان کی گرفتاری کا اعلان کردیا جبکہ دیگر 6 نوجوانوں سے تفتیش جاری ہے ۔ این آئی اے نے آج کے دھاوؤں میں مسلم نوجوانوں کے مکانات سے کئی اشیاء بشمول دو آٹو میٹک پستول ، ایرگن ، شوٹنگ کی مشق کے ٹارگٹ بورڈ ، 6 لیپ ٹاپ ، 40 موبائیل فونس ، 32 سم کارڈس ، کمپیوٹر ہارڈ ڈسک اور دیگر الیکٹرانک اشیاء برآمد کرلیا۔  این آئی اے ذرائع نے اپنے سرکاری بیان میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ حراست میں لئے گئے نوجوان عراق اور شام میں داعش کے آلہ کاروں سے آن لائین چیاٹنگ کے ذریعہ مسلسل ربط میں تھے

 

اور آئی ای ڈی بم کے ذریعہ ملک کے مختلف مقامات پر دھماکوں کا منصوبہ تیار کیا تھا ۔دعویٰ کیا جارہا ہے کہ داعش سے رابطے کے الزام میں گرفتار نوجوان شہر کے مذہبی مقامات میں بڑے جانور کا گوشت پھینک کر فرقہ وارانہ فسادات برپا کرنے کی سازش کررہے تھے ۔ این آئی اے نے نوجوانوں کے خلاف انسداد دہشت گرد قانون ، ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے ، مجرمانہ سازش ، ایکسکلیوزیو ایکٹ اور آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور کل گرفتار شدہ نوجوانوں کو نامپلی کریمنل کورٹ کے تیسرے ایڈیشنل میٹرو پولیٹین سیشن جج کے اجلاس پر پیش کیا جائے گا ۔ ذرائع نے بتایا کہ 5 نوجوانوں کو این آئی اے 15 دن کی تحویل میں لے کر مزید تفتیش کرے گی اور اس کارروائی کے بعد مزید گرفتاریوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔باوثوق ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے اور سٹی پولیس کی مشترکہ کارروائی کے منصوبہ سے ایک دن قبل حیدرآباد سٹی پولیس کے تمام پولیس عملہ کو 24 گھنٹے کیلئے چوکس رہنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے ۔ آج کے دھاوؤں کے بعد دونوں شہروں میں پولیس نے ریڈالرٹ جاری کیا ہے اور شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر سکیورٹی سخت کردی گئی ہے ۔