پرانے شہر میں خاتون کے گلے سے منگل سوتر چھین لیا گیا

تقریب سے واپسی کے دوران سارقوں کی دلیرانہ حرکت، فلک نما پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جون (سیاست نیوز) فلک نما کے علاقہ میں کل رات ایک خاتون کے گلے سے اس کا منگل سوتر چھین لیا گیا ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اس کا شوہر اس کے ہمراہ تھا ۔ دونوں اپنے بچوں کے ساتھ موٹر سیکل پر تقریب میں شرکت کے بعد واپس ہورہے تھے۔ ذرائع کے مطابق مشیر آباد علاقہ کی ساکن 32 سالہ سجاتا کے گلے سے نامعلوم افراد نے منگل سوتر چھین لیا ۔ سجاتا نے اپنے شوہر کے ہمراہ پولیس اسٹیشن فلک نما میں شکایت درج کروائی ۔ تفصیلات کے مطابق سجاتا اپنے شوہر سرینواس اور اپنے دو بچوں کے ہمراہ ہاشم آباد کے علاقہ میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس ہورہی تھی۔ اسی دوران دو نامعلوم افراد نے ان کے گلے سے منگل سوتر چھینا ، اس وقت رات کافی ہوچکی تھی ۔ سجاتا اور سرینواس جس موٹر سیکل پر تھے ، ان کا تعاقب کرتے ہوئے دوسری موٹر سیکل ان کے قریب آئی اور اچانک دیکھتے ہی دیکھتے سجاتا کے گلے پر ہاتھ ڈالا اور منگل سوتر چھین کر فرار ہوگئے ۔ تاہم سجاتا کے شوہر سرینواس اس نامعلوم اشرار کا تعاقب کیا لیکن وہ ان کے ہاتھ نہیں آئے اور انجن باؤلی کے علاقہ میں موجود پولیس کو اطلاع دی اور پولیس نے سارقوں کی تلاش کی ۔ تاہم رہزن پولیس کو بھی چکمہ دیکر فرار ہوگئے ہیں۔ پولیس فلک نما نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔