حیدرآباد ۔ 5 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) عوام میں اعتماد اور سلامتی کے احساس کو فروغ دینے کیلئے حیدرآباد سٹی پولیس وقفہ وقفہ سے گھر گھر تلاشی مہم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ کل رات دیر گئے ساؤتھ زون پولیس نے سنتوش نگر ، فلک نما اور چارمینار ڈیویژن میں اچانک تلاشی مہم کی جس کے تحت 52 عادی مجرمین کو حراست میں لیا گیا اور کئی بین ریاستی مشتہ افرادکو بھی حراست میں لیتے ہوئے انہیں سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کے حوالے کردیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا کی قیادت میں کل رات دیر گئے پولیس کی 15 خصوصی ٹیموں نے پرانے شہر کے مخدوشعلاقوں میں تلاشی مہم کے تحت بڑے پیمانہ پر دھاوے کئے اور یہاں سے جملہ 160 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے اس تمام کارروائی کی ویڈیو گرافی کی۔ ساؤتھ زون میں روڈی شیٹرس ، خانگی فینانسرس اور خواتین سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے بعد مشتبہ افراد کے خلاف کارروائی کے تحت گھر گھر تلاشی مہم کی گئی۔ اس دھاوؤں میں مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے 21 ، بہار کے 29 ، مہاراشرا کے 2 ، اترپردیش کا ایک اور برما سے تعلق رکھنے والے 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے اس کارروائی کے دوران 91 گاڑیوں بشمول آٹوز کو ضبط کرلیا جن کے دستاویزات موجود نہیں تھے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون نے حراست میں لئے گئے تمام افراد کو پرانے شہر کے کمشنر آفس منتقل کیا جہاں پر ان سے پوچھ تاچھ کی گئی اور بعد ازاں انہیں سی سی ایس کے حوالے کردیا گیاجہاں پر ان کے انگلیوں کے نشانات حاصل کئے جائیں گے اور سابقہ میں کسی واردات میں ملوث ہونے سے متعلق تفصیلات بھی حاصل کی جائے گی۔