پرانا شہر میں پولیس کی تلاشی مہم‘ 113 گرفتار

حیدرآباد 7 اپریل (این ایس ایس ) ممنوعہ تنظیم سیمی کے چند عسکریت پسندوں کی شہر میں روپوشی سے متعلق انٹلی جنس عہدیداروں کے شبہات کی بنیاد پر حیدرآباد پولیس نے گذشتہ شب پرانا شہر کے کئی علاقوں کا محاصرہ کرتے ہوئے گھر گھر کی تلاشی لی ۔ چندرائن گٹہ کے علاقوں حافظ بابانگر‘کنچن باغ اور دیگر محلہ جات میں تلنگانہ ریاستی پولیس کے مختلف شعبوں سے وابستہ تقریبا 450 اہلکاروں پر مبنی 20 ٹیموں نے گھر گھر کی تلاشی مہم کے دوران 113 افراد کو حراست میں لیا جن میں چند بنگلہ دیش اور مائینمار کے شہریوں کے علاوہ اڈیشہ کے متوطن افراد بھی شامل ہیں ۔ جن سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے 30 گاڑیوں کو ضبط کرلیا گیا جب مالکین ان کے دستاویزات پیش کرنے میں ناکام ہوگئے ۔ پولیس نے کہا کہ ہفتہ کو نلگنڈہ کے جانکی پورم انکاونٹر میں ہلاک سیمی کے دو کارکن پرانا شہر کے علاقہ چادر گھاٹ سے وجئے واڑہ روانہ ہونے والی بس میں سوار ہوئے تھے ۔ اس مہم کے دوران چھ روڈی شیٹر س کو بھی تحویل میں لیا گیا ہے ۔