متاثرہ خاتون کی شوہر کیساتھ پولیس میں شکایت ‘ دونوجوان گرفتار ‘ قریبی رشتہ دار خاتون کی مدد سے لاکھوں روپئے ہڑپنے کا الزام
حیدرآباد ۔ 30مئی ( سیاست نیوز) خواتین اور لڑکیوں کو ہراساں کرنا مبینہ طور پر ان کی عریاں تصاویر حاصل کرنا اور ان کی عریاں ویڈیوز تیار کرنا اور پھر جبراً ان کا جنسی استحصال کرنا ‘ ان باتوں کے ذریعہ اسنیک گنگ کی یادیں تازہ ہوجاتی ہیں لیکن شہریوں کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ ایک ایسی ٹولی کا پردہ فاش ہوا ہے اور یہ واقعہ بھی پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن کے حدود ہی میں پیش آیا ہے ۔ تاہم یہ ٹولی اپنے خاتون رشتہ دار کو ہراساں و پریشان کررہی تھی او راس ٹولی میں ایک خاتون بھی شامل ہے لیکن اس معاملہ میں بھی پہاڑی شریف پولیس کا رویہ مشکوک اور الزامات کا سامنا کررہا ہے جیسا کہ اسنیک گینگ کی کارستانیوں پر مبینہ پردہ پوشی اور تساہلی برتی گئی تھی ۔ تاہم اس وقت کمشنر کے سخت اقدامات عہدیداروں کے تبادلوں اور معطلی سے حالات میں بہتری پیدا ہوئی تھی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پہاڑی شریف پولیس کی حراست میں دو نوجوان جن پر ایک خاتون کی اجتماعی آبروریزی اور ہراسانی کے علاوہ اس خاتون کو بلیک میل کرتے ہوئے اس سے بھاری رقم ہڑپنے کے سنگین الزامات پائے جاتے ہیں ۔مبینہ طور پر متاثرہخاتون نے اپنے شوہر کے ہمراہ کمشنر پولیس سائبرآباد سے رجوع ہوکر شکایت کی تھی جس پر اسپیشل آپریشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ۔ ایس او ٹی کی کارروائی کے باوجود بھی انسپکٹر پہاڑی شریف چلاپتی اس واقعہ کو معمولی تصور کرتے ہیں اور درپردہ خاتون کو بھی ذمہ دار مانتے ہیں
اور کیس کی تفصیلات پوچھنے پر تحقیقات کا بہانہ بنارہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن حدود میں رہنے والی خاتون کا شوہر گذشتہ کئی سالوں سے بیرون ملک روزگار پر تھا اور گذشتہ ایک سال قبل وہ واپس آگیا اور یہاں مستقل رہنے لگا اور گذشتہ ایک سال کے عرصہ سے یہ شخص اپنی بیوی کو رقم نہیں دے رہا تھا جس کے سبب خاتون کے ساتھ ہراسانی اور بلیک میلنگ میں اضافہ ہوگیا ۔ وہ مجبور ہوگئی اور اس نے بالآخر ساری حقیقت اپنے شوہر سے بیان کردی ۔ اپنی بیوی کے ساتھ ہراسانی اور ایسے واقعات پر اس شخص نے ہمت جتاتے ہوئے بیوی کا ساتھ دیا اور اُسے ہمت دلائی ۔ ایک ماہ تک وہ بیوی کے فون کالسکو بیوی کی مدد سے سنتا رہا جس میں خاتون کو پریشان کیا جاتا تھا اور طرح طرح کی باتیں کہی جاتی تھیں جس کے بعد مسئلہ کو پولیس سے رجوع کردیا گیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون کی رشتہ دار ایک خاتون اس معاملہ کی اصل سرغنہ ہونے کا الزام ہے ۔ جب متاثرہ خاتون کا شوہر بیرون ملک مقیم تھا ‘ رشتہ دار خاتون اسے ایک مکان لے گئی اور پڑوسی سے متاثرہ خاتون کا تعارف کروایا جہاں متاثرہ خاتون کے الزامات کے مطابق کولڈ ڈرنگ میں اسے نشیلی دوا دی گئی اور جب اسے ہوش آیا تو اسے اس کی عریاں تصاویر اور ویڈیو بتائی گئی اور سوشل نٹ ورکنگسائیٹ اور فحش سائٹ پر لوڈ کرنے کی دھمکی دی گئی اور رشتہ دار خاتون کی مدد سے اس سے رقم حاصل کرتے گئے اور اپنی جنسی خواہشات کو بھی پورا کرنا چاہا نہ کرنے کی صورت میں سنگین الزامات لگائے جارہے ہیں ۔ متاثرہ خاتون اور اس کے ذرائع کے مطابق اس خاتون سے لاکھوں روپئے ہڑپ لئے گئے ۔ پولیس پہاڑی شریف ان الزامات کی تحقیقات کررہی ہے ۔